آلائشیں مدفون کرنے کے سلسلے میں سائنسی طریقہ کار کا خیال رکھا جائیگا،چیئرمین بلدیہ شرقی

ہفتہ 10 ستمبر 2016 17:53

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10ستمبر ۔2016ء) چیئرمین بلدیہ شرقی معیدانور نے میونسپل کمشنر مبین صدیقی سینئر ڈائریکٹرز سالڈویسٹ نفیس ا حمدخان،اقبال احمد کے ہمراہ عیدالضحیٰ کے موقع پر آلائشوں کو اٹھاکر دفنانے کے لئے کھودی گئی خندقوں Trenches) ) کا معائنہ کیا اس موقع پر چئیرمین بلدیہ شرقی معید انور کو گلشن اقبال و جمشیدزون میں آلائشوں کو دفنانے کے لئے کھودی گئی خندقوں کے حوالے سے تفصیلات بتائی گئیں ایکسپریس وے سے نزدیک ملیر ندی میں آلائشوں کودفنایا جائے گا ،منظم حکمت عملی کے تحت علاقوں سے آلائشیں اٹھائی جائیں گی جسے گلشن اقبال اور جمشیدزونز کے کلیکشن پوائنٹس پر لاکر ہیوی ڈمپرز کی مدد سے مدفون کرنے کے لئے روانہ کیا جائے گا آلائشیں مدفون کرنے کے سلسلے میں سائنسی طریقہ کار کا خیال رکھا جائے گا،چئیرمین بلدیہ شرقی معید انور نے آلائشوں کودفنانے کے لئے کھودی گئی خندقوں کے معائنے کے دوران ہدایت کی کہ چونکہ عیدالضحیٰ آپریشن کی حکمت عملی ان کے بحیثیت چئیر مین آمدسے قبل تیار کر لی گئی تھی لہذ اس میں مزیدبہتری کی گنجائش ہو تو عید الضحی ٰسے قبل اس میں بہتری لاکر انتظامات کو حتمی شکل دے دی جائے ،آلائشوں کو مدفون کرنے کیلئے جگہ کم نہیں پڑنی چاہئے اسی طرح علاقوں سے بروقت آلائشیں اٹھانے اور ٹھکانے لگانے کے انتظامات بھی مثالی ہونے چاہیئیں،اس موقع پرانکے ہمراہ گلشن اقبال وجمشید زون کے موٹر وہیکل انسپکٹرزشاہدسلطان ،محمد ارشادبھی موجودتھے ۔

متعلقہ عنوان :