عیدالاضحی کی آمد کے باعث لاکھوں پردیسیوں نے عید کی خوشیاں اپنے پیاروں کے سنگ منانے کیلئے رخت سفر باندھ لیا

ہفتہ 10 ستمبر 2016 14:40

فیصل آباد۔10 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔10 ستمبر۔2016ء) عیدالاضحی کی آمد کے باعث فیصل آباد سمیت دیگر بڑے شہروں میں بسلسلہ سرکاری ملازمت ، روز گار ، کاروبار ، تجارت ، تعلیم ، تدریس بڑے صنعتی ، تجارتی ،کاروباری شہروں میں عارضی طور پر اقامت پذیر لاکھوں پردیسیوں نے رخت سفر باندھ لیا ہے اور بڑی تعداد میں دیگر صوبوں و شہروں سے تعلق رکھنے والے مرد و خواتین اورطلباء وطالبات اپنے پیاروں کے سنگ عید کی خوشیاں منانے کیلئے اپنے آبائی گھروں کو روانہ ہو گئے ہیں جس کے باعث بڑے شہروں کی رونقیں ماند پڑنا شروع ہو گئی ہیں۔

اگرچہ حکومت نے عیدالاضحی کے موقع پر12ستمبر بروز پیر سے لے کر14ستمبر بروز بدھ تک سرکاری تعطیلات کا اعلان کیا ہے تاہم اکثر سرکاری ملازمین نے عید الاضحی کے فوری بعد ٹرانسپورٹ کی شارٹیج اور سفر کی تکلیف سے بچنے کیلئے مزید رخصت اتفاقیہ حاصل کر لی ہیں جس کے باعث اب اکثر سرکاری و غیر سرکاری ملازمین اور پردیسی اگلے پیر کو دوبارہ اپنی ڈیوٹیوں پر حاضر ہوں گے۔

(جاری ہے)

یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ چونکہ بڑے شہروں میں عارضی طور پر بسلسلہ سرکاری ملازمت ، روز گار ، کاروبار ، تجارت ، تعلیم ، تدریس مقیم افراد پورا سال بھر پور طریقے سے اپنے فرائض سرا نجام دیتے ہیں اس لئے ان کے متعلقہ حکام نے بھی عیدا لاضحی کے موقع پر ان کی سفری تکلیف و مشکلات کا احساس کرتے ہوئے انہیں ایک دو روز کی اضافی رخصت اتفاقیہ کی فراہمی میں نرم رویے کا اظہار کیا ہے تاکہ وہ بر وقت دور دراز کے علاقوں میں اپنے آبائی گھروں کو پہنچنے کے ساتھ ساتھ سنت ابراہیمی کی ادائیگی کیلئے انتظامات کر سکیں۔

متعلقہ عنوان :