کانگو وائرس سے بچاؤ کیلئے مویشی منڈیوں میں بہترین انتظامات کو یقینی بنایا گیا ہے ،، ڈ سی او

ہفتہ 10 ستمبر 2016 14:40

رحیم یار خان۔10 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔10 ستمبر۔2016ء)ڈی سی ا و رحیم یار خا ن کیپٹن(ر)محمد ظفر اقبال نے کہا ہے کہ کانگو وائرس سے بچاؤ کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جا رہے ہیں۔تمام تحصیلوں میں قائم مویشی منڈیوں میں بہترین انتظامات کو یقینی بنایا گیا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے عید الاضحی کے انتظامات کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے کیا انہوں نے کہا ہے کہ مویشی منڈیوں اور ضلع کے تمام داخلی و خارجی راستوں پر جانوروں کو سپری کیا جا رہا ہے اس سلسلہ میں محکمہ لائیو سٹاک کی خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، عید الاضحی کے موقع پر ٹی ایم اے کا عملہ آلائشوں کو فوری طور پر اٹھانے اور مناسب انداز میں تلف کرنے کے لیے خصوصی اقدامات کرے گا، ضلع بھر میں عملہ صفائی ، سینٹری سپروائزرز اور افسران کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں جبکہ شیخ زید ہسپتال سمیت تحصیل ہیڈ کواٹر ہسپتال، رورل ہیلتھ سینٹر اور بنیادی مراکز صحت پر ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل سٹاف کی ڈیوٹیاں لگاتے ہوئے وافر مقدار میں ادویات کی فراہمی یقینی بنائی گئی ہے۔

(جاری ہے)

ڈی سی ا ونے کہا کہ تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز مویشی منڈیوں میں صفائی و حفاظتی انتظامات سمیت عید الاضحی کے اجتماعات کی خود نگرانی کرتے ہوئے فعال مانیٹرنگ کی ذمہ داریوں کو یقینی بنایا جائے گا،انہوں نے کہا کہ کالعدم تنظیموں کے قربانی کی کھالیں اکھٹی کرنے پر عائد پابندی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا اور نام تبدیل کر کے کسی کو بھی قربانی کی کھالیں اکھٹی نہیں کرنے دی جائیں گی، انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کو اب تک 70درخواستیں موصول ہو چکی ہیں جس پر اجازت کا فیصلہ سیکورٹی اداروں کی مشاورت سے کیا جائے گا جبکہ ضلع بھر میں قربانی کی کھالیں اکھٹی کرنے کے لئے کسی بھی قسم کی تشہیر پر پابندی عائد ہے جس کی خلاف ورزی پر مقدمات درج کئے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ضلع کے کسی بھی مقام پر کسی بھی تنظیم یا رفاعی ادارے کو سٹالز نہیں لگانے دئیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع بھر میں عوام کی سہولت کے لئے شہر سے باہر عارضی مویشی منڈیاں قائم کی گئی ہیں جبکہ شہری حدود میں قربانی کے جانوروں کی فروخت پر پابندی عائد کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ تمام پرائس کنڑول مجسٹریٹس کو ہدایت کی گئی ہے کہ عید الاضحی سے قبل ضلع بھر میں گراں فروشی اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف بھر پور کریک ڈاؤن کیا جائے اور اشیاء خوردونوش پر منافع خوری کرنے والے دکانداروں کو بھاری جرمانے عائد کرنے کے ساتھ ان کی جیل بھجیں۔