ہائی بلڈ پریشراور شوگر کے مریض قربانی کاگوشت کم کھائیں، طبی ماہرین

ہفتہ 10 ستمبر 2016 14:40

سرگودھا۔10 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔10 ستمبر۔2016ء)عید الاضحیٰ کے موقع پر گوشت کھانے میں بے اعتدالی بیماریوں کا باعث بن سکتی ہے’گوشت کے ضرورت سے زیادہ استعمال سے بد ہضمی ‘ڈائریا‘پیٹ درد جیسی شکایات ہوسکتی ہیں۔طبی ماہرین نے عید قربان کے موقع پر گوشت کھانے میں احتیاط کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ پکوانوں میں زیادہ تیز مصالحے نہ ڈالیں نیز ان پر سبز دھنیے کا چھرکاؤ کریں ۔

گوشت کے ساتھ پودینہ ‘لیموں اوردہی کا استعمال بہتر ہے۔ ماہرین کے مطابق ابلا ہوا یا بھاپ میں تیارکیا ہواگوشت بھنے ہوئے گوشت کی نسبت جلد ہضم ہو جاتا ہے ۔ گوشت کا ضرور ت سے زیادہ استعمال نقصان دہ ہو سکتا ہے اور مختلف امراض کا سبب بن سکتا ہے۔ ہائی بلڈ پریشراور شوگر کے مریض گوشت کم کھائیں۔

(جاری ہے)

یورک ایسڈ کی زیادتی اور گردوں کے مریض گوشت کا استعمال ڈاکٹر کے مشورے سے کریں ۔

انہوں نے کہا کہ دل کے مریض چربی والا گوشت استعمال نہ کریں ۔ گائے کے گوشت میں کولیسٹرول بکرے کے گوشت کی نسبت زیادہ ہوتا ہے جبکہ اونٹ کے گوشت میں کولیسٹرول بہت کم ہوتا ہے۔گوشت کھانے کے فوراً بعد ٹھنڈاپانی یا کولڈ ڈرنکس پینا صحت کے لئے نقصان دہ ہے، لہٰذا گوشت کھانے کے فوراً بعدایسے مشروبات پینے سے پرہیز کیا جائے ۔ طبی ماہرین کے مطابق گوشت کا زیادہ استعمال دیگر امراض کے ساتھ ساتھ کیلشیم کی کمی کا باعث بنتا ہے۔کیلشیم کی کمی سے ہڈیاں ہلکی اور بھر بھری ہو جاتی ہیں جس سے فریکچربا آسانی ہو سکتا ہے۔اس کے علاوہ گوشت زیادہ کھانے سے وزن بڑھتا ہے‘پیٹ بڑھنے سے پیٹ کے نیچے لبلبہ ڈی پریس ہوتا ہے جس کے نتیجے میں انسولین بننے کی رفتار کم ہوکر شوگر ہو سکتی ہے۔