مکی آرتھرکو پاکستانی ڈومیسٹک کرکٹ کا سروے کرکے کوئی بات کرنی چاہیئے :بازید خان

جمعہ 9 ستمبر 2016 15:17

مکی آرتھرکو پاکستانی ڈومیسٹک کرکٹ کا سروے کرکے کوئی بات کرنی چاہیئے ..

کراچی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار9 ستمبر۔2016ء ) سابق قومی ٹیسٹ کرکٹر بازید خان کا کہنا ہے کہ قومی ہیڈ کوچ مکی آرتھر کو پاکستان کی ڈومیسٹک کرکٹ کا سروے کرنے کے بعد کسی بھی طرح کا فیصلہ کرنا چاہیئے ۔ مکی آرتھر نے گزشتہ دنوں ایک بیان میں پاکستانی ٹیم کی ون ڈے کارکردگی پر عدم اطمینان ظاہر کرتے ہوئے کہا تھا کہ 30 سال سے زائد عمر کے کرکٹرز کو اپنی کارکردگی میں بہتری لانا ہوگی ورنہ نئے کھلاڑیوں کو موقع ملے گا۔

(جاری ہے)

بازید خان نے کہا کہ مکی آرتھر نے ایک لحاظ سے درست بات کہی لیکن وہ یہ بیان دینے میں جلدی کرگئے کیونکہ اہم سوال یہ ہے کہ کیا پاکستان کے پاس سینئرز کی جگہ لینے والے کھلاڑی موجود ہیں؟، مکی آرتھر کو یہ بات ذہن میں رکھنی چاہئے تھی کہ پاکستان کی کرکٹ فی الوقت انگلینڈ، آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ جیسی کرکٹ سے وابستہ نہیں جہاں کرکٹ کا ڈھانچہ مضبوط بنیادوں پر استوار ہے، بھارت میں بھی ڈومیسٹک کرکٹ بہت مضبوط ہے جہاں اعلیٰ معیار کے کھلاڑی تیار ہوکر انٹرنیشنل کرکٹ میں آتے ہیں تاہم پاکستان میں ابھی ایسا نہیں ہے ۔ بازید خان کا مزید کہنا تھا کہ مکی آرتھر کو جلد اندازہ ہوجائیگا کہ پاکستان کی کرکٹ کیسے چل رہی ہے اور کھلاڑی ڈومیسٹک سے انٹرنیشنل کرکٹ تک کیسے آتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :