ایم کیوایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار کا پی ایس 127کے ضمنی انتخاب کے سلسلے میں ملیر میں قائم مختلف پولنگ کیمپوں کا دورہ

ایم کیوایم کے 20سے زائد پولنگ کیمپوں کو اکھاڑ ا گیا ہے ،درجنوں پولنگ کیمپوں کو لگنے ہی نہیں دیا گیا ہے، ڈاکٹر فارو ق ستار ہمارے اکثریتی علاقوں میں کھلی غنڈہ گردی ، بد معاشی کی گئی ،پولنگ کو ہلکا کیا گیا جو سوچے سمجھے منصوبے کا حصہ ہے، ڈاکٹر فاروق ستار

جمعرات 8 ستمبر 2016 22:31

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔8 ستمبر ۔2016ء) متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان ) کے سربراہ ڈاکٹر محمد فاروق ستار نے پی ایس 127کے ضمنی انتخاب کے سلسلے میں ملیر میں قائم ایم کیوایم پاکستان کے مختلف پولنگ کیمپوں کا دورہ کیا اور پولنگ کے عملے اور ووٹروں سے ملاقاتیں کیں اور ان سے پولنگ کی تفصیلات معلوم کیں ۔ ڈاکٹر فاروق ستار لوگوں میں گھل مل گئے اور وہ جن جن کیمپوں پر گئے عوام کا ایک ہجوم ان کے پیچھے پیچھے رہا ۔

اس موقع پر ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے رکن عارف خان ایڈووکیٹ ، نامزد حق پرست امیدوار برائے پی ایس 127وسیم احمد اور حق پرست اراکین قومی وصوبائی بھی موجود تھے ۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے شاد مان ٹاؤن یوسی 6،جعفرطیار ، عمار یاسر فیز ون ، سن رائز چلڈرن اکیڈمی اسکول اور نفیس بنگلو ز سمیت دیگر علاقوں میں قائم ایم کیوایم کے پولنگ کیمپوں کے دورے کئے اور ذمہ داران و کارکنان پر زور دیا کہ وہ پولنگ سے قبل ووٹروں کو گھروں سے نکالیں اور ایک ایک ووٹ کاسٹ کرائیں ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ذمہ داران و کارکنان اور مرد و خواتین ووٹروں نے ڈاکٹر فاروق ستار کو جرائم پیشہ حقیقی دہشت گردوں کی کھلی غنڈہ گردی ، فائرنگ ، تشدد ، خوف وہراس پھیلانے اور ایم کیوایم کے اکثریتی علاقوں میں ووٹروں کو ووٹ نہ ڈالنے کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا ۔ڈاکٹر فاروق ستار نے مختلف پولنگ کیمپوں پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ایم کیوایم کے 20سے زائد پولنگ کیمپوں کو اکھاڑ ا گیا ہے جبکہ درجنوں پولنگ کیمپوں کو لگنے ہی نہیں دیا گیا ہے ، حقیقی دہشت گردوں نے ڈر و خوف کی فضا پیدا کی جبکہ پیپلزپارٹی کے اکثریتی علاقوں میں بدامنی نہیں تھی ہمارے اکثریتی علاقوں میں کھلی غنڈہ گردی اور بد معاشی کی گئی اور پولنگ کو ہلکا کیا گیا جو کہ سوچے سمجھے منصوبے کا حصہ ہے ۔

انہوں نے کہاکہ پولنگ والے دن صبح سے رینجرز موجود نہیں تھی جبکہ پولیس کی غیر جانبداری مشکوک ہے ، پولیس نے سعادی ٹاؤن اور امروہہ کے علاقوں میں ایم کیوایم کے پولنگ کیمپوں کا اکھاڑا جبکہ انتظامیہ اس صورتحال پر جانبدار بنی رہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ ڈر و خوف کی فضاء پھیلائے جانے کے باوجود 2بجے کے بعد عوام نکلی ہے ، مجھے یقین ہے کہ دھاندلی کے باوجود ایم کیوایم یہ الیکشن جیتے گی ۔

انہوں نے کہاکہ پی ایس 127میں ہمارے پاس بائیکاٹ کا آپشن تھا لیکن ہم نے فیصلہ کیا کہ الیکشن لڑیں گے اور الیکشن کے میدان میں جیت کر دکھائیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ باؤ گوٹھ میں حقیقی دہشت گرد افضل کوٹی سرگرم ہے اور دندناتے پھیر رہا ہے لیکن پولیس اسے روکنے میں ناکام ہے ۔ انہوں نے پولنگ کیمپوں پر موجود نوجوانوں ، بزرگوں ، خواتین سے اپیل کی کہ ابھی پولنگ ختم ہونے میں دو گھنٹے باقی ہیں لہٰذا اپنے اپنے علاقوں اور گھروں میں ایک ایک خواتین اور مرد کا ووٹ ضرور کاسٹ کرائیں جن لوگوں نے ڈر و خوف کی فضا پیدا کی ہے وہ ایم کیوایم کی فتح پرآج رات ماتم کریں گے ۔

اس موقع پر خواتین ، نوجوانوں ، بزرگوں اوربچوں نے ڈاکٹر فاروق ستار سے آٹو گراف لئے اور نعرہ متحدہ جئے متحدہ ، پاکستان زندہ ، نعرہ پاکستان جئے پاکستان اور دیگر نعرے پرجوش انداز میں لگائے ۔