ہاکروں کے ساتھ ظلم اور زیادتیاں بندکی جائیں، عرفان آرائیں

آئے دن بھتہ کا تقاضہ اور اسٹال پر موجود اشیاء کی لوٹ مارمعمول بن چکا ہے، سلمان قریشی

جمعرات 8 ستمبر 2016 22:28

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔8 ستمبر ۔2016ء)آل پاکستان ہاکرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے چیئرمین محمد عرفان آرائیں سے ہاکروں کے ایک وفد نے سلمان قریشی کی قیادت میں ملاقات کی۔ وفد میں رنچھوڑ لائن KMC اہلکاروں کی جانب سے پتھارے والوں کے ساتھ کی جانے والی زیادتیوں ، بھتہ خوریوں سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ اکبر نامی انسپکٹر لینڈ ڈپارٹمنٹ اور اس کے بیٹر ارشاد ملا نے پتھارے والوں کے ساتھ ظلم و ستم اور زیادتیوں کا بازار گرم کیا ہوا ہے ۔

جس کے باعث ہاکرزکا اپنا روزگار کمانے اور اپنے بچوں کا گذارا کرنا انتہائی دشوار اور مشکل ہوچکا ہے ۔ آئے دن بھتہ کا تقاضہ اور اسٹال پر موجود اشیاء کی لوٹ مار اُن کا وطیرہ بن چکا ہے ۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے عرفان آرائیں نے کہا کہ کسی بھی ڈپارٹمنٹ اور انسپکٹر ہو یا چپڑاسی اپنے اختیارات کا تجاوز کرنا نہ صرف متعلقہ محکمہ کی بدنامی اور افسران کی تذلیل ہے ۔

(جاری ہے)

جس کا تدارک کیا جانا انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ متعلقہ اہلکاروں کی مذموم کارروائیوں ، بھتہ خوریوں کا نوٹس لیا جائے اور اُنہیں برطرف کرکے محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ غریب ہاکرز فاقہ کشی سے محفوظ ہوکر اطمینان اور سکول کے ساتھ اپنا روزگار کما سکیں۔ اس موقع پر عبدالرحیم سیفی، جاوید آرائیں، ہارون چولا، یونس منصوری، عاشق سعیدی ودیگر بھی موجود تھے ۔