وزیراعلیٰ کی اچانک ٹی ایچ کیو ہسپتال رائیونڈ آمد ،ڈاکٹرز اور عملہ حیران رہ گیا

آپ کی بغیر پروٹوکول ہسپتال آمدسے ہمیں خو شگوار حیرت ہوئی ہے:لیڈی ڈاکٹر کا وزیراعلیٰ سے مکالمہ میں یہاں دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے آیا ہوں اورآئندہ بھی ہسپتالوں میں آتا جاتا رہوں گا،شہبازشریف

جمعرات 8 ستمبر 2016 22:19

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔8 ستمبر ۔2016ء) وزیر اعلیٰ پنجاب محمدشہباز شریف نے جمعرات کو بغیر کسی پیشگی اطلاع اور بغیر پروٹوکول کے رائیونڈ میں تعمیر ہونے والے نئے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کا اچانک دورہ کیا ۔وزیراعلیٰ کے دورے سے انتظامیہ اورمیڈیا مکمل طورپر لاعلم رہے۔ وزیراعلیٰ کے ماڈل ٹاؤن سے رائیونڈ تک سفر کے دوران ٹریفک معمول کے مطابق رواں دواں رہی اورکسی موقع پر بھی ٹریفک کو نہیں روکا گیا بلکہ وزیراعلیٰ کی گاڑی ٹریفک اشاروں پر بھی رکتی رہی۔

ہسپتال کے دورہ کے موقع پروزیراعلیٰ نے استقبالیہ پر عملے کی غیر موجودگی پر وہاں موجود انتظامیہ سے پوچھا تووہ تسلی بخش جواب نہ دے سکے۔وزیراعلیٰ کی اچانک آمد پر ہسپتال میں موجود ڈاکٹرز اور انتظامی افسران سمیت عملہ حیران رہ گیا۔

(جاری ہے)

ایک لیڈی ڈاکٹر نے وزیراعلیٰ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ اچانک ہسپتال آئے ہیں ہمیں اس کی بالکل توقع نہیں تھی اور ہمیں آپ کی آمد پر خوشگوار حیرت ہورہی ہے ۔

اگرچہ دہشت گردی کے واقعات ہورہے ہیں لیکن اس کے باوجود آپ بغیر سکیورٹی اوربغیرپروٹوکول کے یہاں آئے ہیں جو آپ کے اس عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے کہ آپ عوام کو معیاری طبی سہولتوں کی فراہمی کیلئے کس قدر تڑپ رکھتے ہیں جس پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ میں یہاں دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے آیا ہوں اورآئندہ بھی ہسپتالوں میں آتا جاتا رہوں گا۔وزیراعلیٰ نے ہسپتال کے امور اور ڈاکٹروں کی تعیناتی کے حوالے سے لاعلمی پر ایم ایس کی سرزنش کی اور کہا کہ اگر آپ اپنے فرائض بطریق احسن سرانجام نہیں دے سکتے تو اپنے لئے کوئی اور کام ڈھونڈ لیں۔

وزیراعلیٰ کی روانگی پر ہسپتال کے باہر رائیونڈ کے رہائشی لوگ جمع ہوگئے جس پر وزیراعلیٰ اپنی گاڑی سے اتر کر ان کے پاس گئے اوران کے مسائل سنے۔وزیراعلیٰ نے رہائشیوں کو مسائل کی جلدحل کی یقین دہانی کرائی جس پر انہوں نے’’ شہبازشریف زندہ باد ‘‘اور’’ دیکھو دیکھو کون آیا شیر آیا شیر آیا‘‘ کے نعرے لگائے۔

متعلقہ عنوان :