کشمیری دو ماہ سے سخت ترین کرفیو میں پاکستان زندہ باد کے نعرے لگا رہے ہیں ،کشمیر پاکستان کی شہہ رگ ہے ،اس حوالہ سے دوٹوک پالیسی بنائی جائے ،حکومت پاکستان کا فرض بنتا ہے کہ کشمیریوں کو آزادی دلوانے کیلئے کردار ادا کرے،اگر بھارت خطے میں امن چاہتا ہے تو کشمیریوں کو ان کی امنگوں کے مطابق آزادی دے، اقوام متحدہ مسئلہ کشمیر کو حل کرنے اور بھارتی مظالم کو بند کروانے میں ناکام ہو چکی ہے

دفاع پاکستان کونسل کے مرکزی قائدین مولانا سمیع الحق،پروفیسر حافظ محمد سعید،سردار عتیق احمد اور دیگر کا مشترکہ بیان

جمعرات 8 ستمبر 2016 21:44

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔8 ستمبر ۔2016ء ) دفاع پاکستان کونسل کے مرکزی قائدین نے کہا ہے کہ کشمیری دو ماہ سے سخت ترین کرفیو میں پاکستان زندہ باد کے نعرے لگا رہے ہیں۔کشمیر پاکستان کی شہہ رگ ہے ۔اس حوالہ سے دوٹوک پالیسی بنائی جائے۔حکومت پاکستان کا فرض بنتا ہے کہ کشمیریوں کو آزادی دلوانے کے لئے کردار ادا کرے۔اگر بھارت خطے میں امن چاہتا ہے تو کشمیریوں کو ان کی امنگوں کے مطابق آزادی دے۔

اقوام متحدہ مسئلہ کشمیر کو حل کرنے اور بھارتی مظالم کو بند کروانے میں ناکام ہو چکی ہے ۔کشمیریوں کے حق خود ارادیت اور ملک کے جغرافیائی و نظریاتی سرحدوں کے دفاع کے لیے دفاع پاکستان کونسل کی تحریک ملک گیر سطح پر جاری ہے۔ جمعرات کو اپنے ایک مشترکہ بیان میں دفاع پاکستان کونسل کے چیئرمین مولانا سمیع الحق،پروفیسر حافظ محمد سعید،سردار عتیق احمد،غلام محمد صفی،مولانا شاہ اویس احمد نورانی،مولانا فضل الرحمان خلیل،حافظ عبدالرحمان مکی،لیاقت بلوچ،حافظ عبدالغفار روپڑی،سید ضیا ء اﷲ شاہ بخاری نے کہا کہ کشمیریوں کی جدودجہد تکمیل پاکستان کی جدوجہد ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان کو کشمیریوں کا وکیل بن کر کردار ادا کرنا چاہئے۔بھارت کی آٹھ لاکھ فوج کشمیر سے نکالی جائے۔ انڈیا نے اپنے ظلم، قتل اور دہشت گردی کو چھپانے کیلئے یہ حکمت عملی اختیا رکر رکھی ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں تحریک آزادی کا ذمہ دار پاکستان اور پاکستانی افراد کو قرار دیا جائے۔ہمیں اس کاسدباب کرنا ہوگا اور پاکستانی میڈیا کو بھارتی میڈیا کے پروپیگنڈے کاتوڑ کرنے کے عملی اقدامات کرنا ہوں گے ۔

کشمیری اپنا فرض پورا کررہے ہیں ،نظریہ پاکستان کے تحت پاکستانی قوم کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے۔آج کشمیریوں کے جذبہ نے ہمیں نظریہ پاکستان پر متحد اور برصغیر کے تمام مسلمانوں کو بیدار کر دیا ہے۔ہمارا کام تحریک آزادی کشمیر کیلئے کھڑے ہوناہے، نصرت اﷲ کی طرف سے آئیگی۔انہوں نے کہا کہ کشمیری بچوں کی آنکھیں چھیننے والے انڈین فوجی آج ذ ہنی مریض بن کر خودکشیاں کر رہے ہیں۔

بھارت میں مسلمانوں پر ظلم وستم کے پہاڑ توڑے جارہے ہیں۔سیکولر بھارت میں سوائے اونچی ذات کے ہندوؤں کے کوئی بھی محفوظ نہیں۔ آج آسیہ اندرابی کہتی ہیں کہ پاکستان ہی ہماری امیدوں کا محور ہے۔پاکستانی عوام جانتے ہیں کہ کشمیریوں کے دل میں پاکستان کی کیا قدر ہے۔کشمیری بچے ،جوان ،مردوعورت اور بوڑھے ایک ہی نعرہ لگارہے ہیں ’’کشمیر بنے گا پاکستان ‘‘۔

کشمیر پاکستان کا حصہ ہے اور انڈیا کی فوج کو وہاں سے نکالنا پاکستان کی ذمہ داری ہے۔ ہم کشمیریوں کا کب تک امتحا ن لیں گے۔کشمیری دو ماہ سے بھوکے رہ کر،کاروبار تباہ کر وا کے پاکستان زندہ باد کے نعرے اور پاکستان کے جھنڈے لہرا رہے ہیں،تاجر سیب کی قربانیاں،مائیں بیٹوں کی قربانیاں دے چکی ہیں اور وہ آگے بڑھ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے دفاع کا سب سے بڑا نقطہ کشمیر ہے۔

تھوڑی سے غفلت کی تو بڑا نقصان ہو جائے گا۔انہوں نے کہاکہ بھارت کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو دنیا کے سامنے منفی انداز میں پیش کر رہا ہے۔ اپنے ظلم، قتل اور دہشت گردی کو چھپانے کیلئے پاکستان کیخلاف جھوٹا اور بے بنیاد پروپیگنڈا کیاجا رہا ہے۔ مسلسل کرفیو، پیلٹ گن کا بہیمانہ استعمال ،ظلم و تشدد اور بازار بند ہونے سے کشمیریوں کا نظام زندگی بالکل ختم ہوچکا ہے۔

کشمیریوں سے ہمارا رشتہ زمین ، پانی اور ہواکی سطح کا نہیں بلکہ اسلام کی بنیاد پر ہے۔کشمیری حریت رہنما سید علی گیلانی مقبوضہ جموں و کشمیر میں بیٹھ کر پاکستان کی سلامتی وحفاظت کی دعائیں مانگتے ہیں۔حکومت پاکستان کو انڈیا کی دوستی کی پرواہ نہیں کشمیریوں کی نمائندگی کا حق ادا کرنا چاہیے۔ کشمیر میں جاری بدترین مظالم پر عالمی ادارے بیانات سے آگے بڑھ کر عملی کردار ادا کریں۔

کشمیر میں بھارت کی ریاستی دہشت گردی کا راستہ روکنے کے لیے اقوام متحدہ اور عالمی برادری کو مضبوط کردار ادا کرنا ہوگا۔ کشمیریوں کی بھرپور جدوجہد کی وجہ سے تحریک آزادی ایک نئے موڑ میں داخل ہوچکی ہے۔ ان مشکل حالات میں کشمیری مسلمان قربانیاں پیش کر کے اپنا حق ادا کر رہے ہیں۔ کشمیری مسلمانوں کی ہر ممکن مدد و حمایت ہم سب پر فرض ہیں۔