وزیراعلیٰ پنجاب سے انفراسٹرکچر سے تعلق رکھنے والے چین کے بین الاقوامی گروپ کی ملاقات

سی پیک کے عظیم الشان پیکیج نے پاک چین تعلقات کو نئی جہت عطا کی ہے ،وزیر اعلیٰ پنجابشہبازشریف

جمعرات 8 ستمبر 2016 21:36

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔8 ستمبر ۔2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے جمعرات کو یہاں انفراسٹرکچر سے تعلق رکھنے والے چین کے بین الاقوامی گروپ کے چیئرمین لی وینفو (Mr.Li Wan Fu) کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران چینی گروپ نے پنجاب میں بنیادی ڈھانچے کے شعبے میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی نئی منزلو ں کو چھو رہی ہے اور سی پیک کے عظیم الشان پیکیج نے پاک چین تعلقات کو نئی جہت عطا کی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پنجاب میں چین کی متعدد کمپنیاں سرمایہ کاری کر رہی ہیں۔ چینی گروپ کو سرمایہ کاری پر ہر طرح کی سہولتیں فراہم کریں گے۔ چینی گروپ کے چیئرمین نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا گروپ پنجاب میں انفراسٹرکچر کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کرنے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین میں آپ کیلئے ’’پنجاب سپیڈ‘‘ کی جو اصطلاح متعارف ہوئی ہے وہ نہ صرف پنجاب حکومت بلکہ پورے پاکستان کا اعزاز ہے۔صوبائی وزیر ہاؤسنگ تنویر اسلم ملک، چیئرمین پنجاب سرمایہ کاری بورڈ، چیف ایگزیکٹو آفیسر اربن یونٹ اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔