ملک میں احتساب کے مطالبہ پر اپوزیشن ایک پیج پر ہے ‘ چوہدری محمدسرور

(ن) لیگ پانامہ لیکس کے بعد پیدا ہونیوالے سوالات کا ’’جواب ‘‘دیں احتجاج اور دھر نے بھی ختم ہو جائیں گے ‘گفتگو

جمعرات 8 ستمبر 2016 21:13

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔8 ستمبر ۔2016ء) سابق گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا ہے کہ ملک میں احتساب کے مطالبہ پر اپوزیشن ایک پیج پر ہے ‘پانامہ لیکس کا جواب نہ دیکر (ن) لیگ خود اپنے پاؤں پر کلہاڑی مار رہی ہے ‘(ن) لیگ پانامہ لیکس کے بعد پیدا ہونیوالے سوالات کا ’’جواب ‘‘دیں احتجاج اور دھر نے بھی ختم ہو جائیں گے ‘حکمران ملک میں کر پشن سمیت کسی نااہلی کا بھی ’’نوٹس ‘‘نہیں لیتے ‘تحر یک انصاف کی آواز دنیا کی کوئی طاقت نہیں دبا سکتی ‘ملک میں ظلم اور بد عنوانی پر قائم حکمرانوں کی حکمرانی کا دور ختم ہونیوالا ہے۔

جمعرات کے روز اپنے دفتر میں کارکنوں کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے سابق گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ ملک میں حکومتی کر پشن اور بد عنوانی کے خلاف اور احتساب کیلئے اپوزیشن جماعتوں کا اتحاد مثالی ہے اور آنیوالے دنوں میں اپوزیشن جماعتیں حکمرانوں کو مجبور کر دیں گی کہ وہ پانامہ لیکس کے بعد پیدا ہونیوالے سوالات کا جواب اور حساب دیں کیونکہ جب تک ایسا نہیں ہوگا اپوزیشن جماعتیں بھی خاموش نہیں رہیں گی بلکہ اسکے خلاف سڑکوں سمیت ہر فورم پر آواز بلند کرتی رہیں گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تحر یک انصاف سڑکوں پر احتجاج کے معاملے میں اب بھی سولو فلائٹ کی پالیسی اختیار نہیں کر یگی بلکہ ہم اپوزیشن کی تمام جماعتوں کو ساتھ لیکر چلیں گے اور تحر یک انصاف ملک میں احتساب کے مطالبے کی جنگ میں کسی بھی حد تک جانے کو تیار ہے۔