ڈاکٹرز عوام کو علاج معالجے کی بہتر سہولیات کو یقینی بنانے کیلئے فرائض منصبی احسن طریقے سے انجام دیں،شہرام ترکئی

حکومت نے ڈاکٹروں اور نرسوں سمیت تمام طبی عملے کی تنخواہوں اور دیگر مراعات میں دو سو فیصد تک اضافہ کیا ہے،وزیرصحت خیبرپختونخوا

جمعرات 8 ستمبر 2016 21:01

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔8 ستمبر ۔2016ء) خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر برائے صحت شہرام خان تراکئی نے ڈاکٹروں پرزور دیا ہے کہ وہ عوام کو علاج معالجے کی بہتر سہولیات کو یقینی بنانے کیلئے اپنے فرائض منصبی احسن طریقے سے انجام دیں اور موجودہ صوبائی حکومت کے وژن کے مطابق صوبے کے عوام کو صحت کی معیاری سہولیات کی فراہمی میں اپناکردار اداکریں۔

صوبائی حکومت نے ڈاکٹروں اور نرسوں سمیت تمام طبی عملے کی تنخواہوں اور دیگر مراعات میں دو سو فیصد تک اضافہ کیا ہے اس مقصد کیلئے کیا ہے کہ سرکاری ہسپتالوں میں لوگوں کو بہتر سروسز فراہم ہوں اور یہ مقصد ہر قیمت پر پورا ہونا چاہیے۔وہ جمعرات ے روز ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ایبٹ آباد کے دورے کے موقع پر گفتگو کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات مشتاق احمد غنی کے علاوہ سیکرٹری صحت محمد عابد مجید اور محکمہ صحت کے دیگر اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے ڈاکٹروں اور دیگر طبی عملے کیلئے ہیلتھ پروفیشنل الاؤنس کی منظوری کے علاوہ ان کے تمام مطالبات مان لئے ہیں اب انہیں چاہیے کہ وہ ہسپتالو ں میں مریضوں کو معیاری سروس فراہم کریں اور سرکاری ہسپتالوں پر عوام کااعتماد بحال کریں۔طبی عملے کی فلاح و بہبود کیلئے صوبائی حکومت کے ان انقلابی اقدامات کے باوجود بھی اگر کوئی اپنی ڈیوٹی صحیح طریقے سے انجام نہیں دے رہا تو اس کیلئے ہمارے پاس کوئی جگہ نہیں۔

قبل ازیں ایوب میڈیکل کمپلیکس ایبٹ آباد کے بورڈ آف گورنرز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ ہسپتال کے انتظامی معاملات کو بہتر بنائے اور وہاں مریضوں کو بہتر طبی سہولیات کی ہمہ وقت فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے فوری اور نتیجہ خیزاقدامات اٹھائیں۔انہوں نے متعلقہ حکام کو یہ بھی ہدایت کی کہ ہسپتال کے سی سی یو اور ایکسیڈنٹ اینڈ ایمر جنسی کے شعبے کو جلد فعال کریں جبکہ زیر تعمیر عمارت کی فوری تکمیل کو یقینی بنائیں تاکہ ان کافائدہ جلد سے جلد علاقے کے عوام کو پہنچ سکے۔

صوبائی وزیر نے مشیر اطلاعات کے ہمراہ ویمن اینڈ چلڈرن ہسپتال ایبٹ آباد کا بھی دورہ کیا۔مشیر اطلاعات مشتاق غنی کی طرف سے ڈی ایچ کیو ہسپتال ایبٹ آباد کو کیٹگری اے کا درجہ دینے کے مطالبے پر صوبائی وزیر نے یقین دلایاکہ اس سلسلے میں عید کی چھٹیوں کے بعد ایک ٹیکنیکل کمیٹی تشکیل دی جائے گی جو مذکورہ ہسپتال کو کیٹگری اے کادرجہ دینے کے حوالے سے سفارشات پیش کریگی۔ ویمن اینڈچلڈرن ہسپتال کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کے انتظامی دائرے سے نکال کر اس کیلئے اپنا انتظامی ڈھانچہ بنانے کے مطالبے پر صوبائی وزیر نے یقین دلایاکہ مذکورہ ہسپتال انتہائی اہمیت کا حامل طبی ادارہ ہے جس کے معیار کو بہتر بنانے کیلئے تمام تر ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :