آپریشن ضرب عضب کی وجہ سے کھیلوں کے میدان دوبارہ آباد ہوگئے ہیں ٗریاض حسین پیرزادہ

ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان آج بھی پہلے نمبر پر ہے، ہاکی ٹیم کی 2015ء میں تشکیل نو کی گئی ہے،بدقسمتی سے اس مرتبہ وہ اولمپک کے لئے کوالیفائی نہیں کر سکی ٗوفاقی وزیر

جمعرات 8 ستمبر 2016 20:45

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔8 ستمبر ۔2016ء) وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ میاں ریاض حسین پیرزادہ نے کہا ہے کہ آپریشن ضرب عضب کی وجہ سے کھیلوں کے میدان دوبارہ آباد ہوگئے ہیں ٗٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان آج بھی پہلے نمبر پر ہے۔ ہاکی ٹیم کی 2015ء میں تشکیل نو کی گئی ہے۔بدقسمتی سے اس مرتبہ وہ اولمپک کے لئے کوالیفائی نہیں کر سکی۔

جمعرات کو سینیٹر مشاہد حسین سید اور میاں عتیق شیخ کے توجو دلاؤ نوٹس کے جواب میں وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ میاں ریاض حسین پیرزادہ نے ایوان کو بتایا کہ مشترکہ مفادات کونسل کا مستقل اور مکمل سیکرٹریٹ قائم کرنے کے حوالے سے سمری کابینہ کو بھجوا دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سمری بھجوانے کا آغاز 18 مارچ 2015ء کو ہوا تھا۔

(جاری ہے)

طویل خط و کتابت کے بعد اب آخری سمری وزارت اطلاعات اور کابینہ ڈویژن کی طرف سے 14 جنوری2016ء کو بھیجی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ریگولیٹری اتھارٹیاں اگر کسی ایک وزارت کے تحت ہو جائیں تو کافی مسائل حل ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے نئی سمری میں وزارت بین الصوبائی رابطہ کو ہی مشترکہ مفادات کونسل کا سیکرٹریٹ بنانے اور وفاقی اتھارٹیاں اس کے ماتحت کرنے کی تجویز دی ہے۔ وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ میاں ریاض حسین پیرزادہ نے بتایا کہ ملک میں کھیلوں کی سرگرمیاں محدود ہوگئی ہیں‘ بنکوں‘ سکولوں کی ٹیمیں ختم کردی گئی ہیں۔

دہشت گردی کے نظریے کی وجہ سے کھیلیں نہیں ہو رہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہاکی کے سوا اولمپک گیمز میں ہمارا حصہ کم رہا۔ حکومت کا صرف ایک افسر اور سات اتھلیٹ ریوڈی جنیرو گئے۔ اس کے علاوہ ایک ڈاکٹر کوچز تھے۔ انہوں نے کہا کہ اولمپک کے 207 رکن ممالک ہیں جن میں سے صرف 86 نے میڈل حاصل کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج تو آرمی کے سوا کوئی ادارہ کھلاڑیوں کو ملازمت نہیں دیتا۔

انہوں نے کہا کہ ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان آج بھی پہلے نمبر پر ہے۔ ہاکی ٹیم کی 2015ء میں تشکیل نو کی گئی ہے۔بدقسمتی سے اس مرتبہ وہ اولمپک کے لئے کوالیفائی نہیں کر سکی۔ انہوں نے کہا کہ ہاکی کے قوانین بھی عالمی سطح پر تبدیل ہوگئے ہیں۔ وزارت بین الصوبائی رابطہ کھلاڑیوں کی بھرپور سرپرستی کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ کھیلوں کی کردار سازی میں بہت اہمیت ہے‘ حکومت نے کھیلوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی ہے۔ آپریشن ضرب عضب کی وجہ سے کھیلوں کے میدان دوبارہ آباد ہوگئے ہیں۔ پہلی مرتبہ ہم نے قائداعظم گیمز کرائیں جو بہت کامیاب رہیں۔