پی ٹی آئی نے رائے ونڈ مارچ کے لیے اپوزیشن قیادت سے رابطے شروع کر دیئے ، عمران ‘طاہر القادری جلد ملاقات کیلئے رابطہ کار متحرک ہو گئے

حکمران جماعت نے بھی پیشگی منصوبہ بندی کا آغاز کردیا ،ہر ممکن طریقے سے پر امن رہ کر معاملات کو کنٹرول کرنے بارے غور کیا جارہا ہے

جمعرات 8 ستمبر 2016 20:34

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔8 ستمبر ۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف نے رائے ونڈ مارچ کے لیے اپوزیشن قیادت سے رابطے شروع کر دیئے ، عمران خان اور ڈاکٹر طاہر القادری کی جلد ملاقات کے لئے رابطہ کار دوبارہ متحرک ہو گئے ،حکومت نے بھی صورتحال پر نظر رکھتے ہوئے پیشگی منصوبہ بندی کا آغاز کر دیا ہے ۔پی ٹی آئی کے ایک ذرائع کا کہنا ہے کہ رائے ونڈ مارچ کی تاریخ میں چند دنوں کی توسیع ہو سکتی ہے اور محرم الحرام کے پیش نظر اکتوبر سے پہلے ہر صورت مارچ کیا جائے گا ۔

پارٹی رہنماؤں کے مطابق اس دوران وزیراعظم محمد نواز شریف بھی بیرو ن ملک سے واپس پاکستان پہنچ جائیں گے ۔ذرائع کے مطابق تحریک انصاف عوامی تحریک ،پیپلزپارٹی ،مسلم لیگ (ق) ،جماعت اسلامی سمیت دیگر اپوزیشن جماعتوں کو مارچ اور دھرنا دینے کے حوالے سے اعتماد میں لے گی اور اس سلسلہ میں ابتدائی رابطے شروع کر دئیے گئے ہیں ۔

(جاری ہے)

جبکہ عمران خان اور ڈاکٹر طاہر القادری کی جلد ملاقات کیلئے بھی رابطہ کار دوبارہ متحرک ہو گئے ہیں جن میں شیخ رشید مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں۔ دوسری طرف حکمران جماعت بھی اس ساری صورتحال سے غافل نہیں اور اس نے بھی پیشگی منصوبہ بندی کا آغاز کردیا ہے جس میں ہر ممکن طریقے سے پر امن رہ کر معاملات کو کنٹرول کرنے بارے غور کیا جارہا ہے ۔