Live Updates

پی ٹی آئی بلوچستان کے نائب صد ر سردار زین خیلی کی عبدالعلیم خان سے ملاقات

ذاتی اقتدار بچانے کیلئے قومی ادارے تباہ کرنے والوں کو حساب دینا ہو گا‘سنٹر صدر پی ٹی آئی پنجاب

جمعرات 8 ستمبر 2016 19:53

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔8 ستمبر ۔2016ء) تحریک انصاف سنٹرل پنجا ب کے صدر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ ذاتی اقتدار بچانے کیلئے قومی ادارے تباہ کرنے والوں کو حساب دینا ہو گا اور جمہوریت کے نام پر حکمرانوں کو کھل کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔عبدالعلیم خان نے پی ٹی آئی بلوچستان کے نائب صدر سردار زین خیلی سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملکی سطح پر درپیش مسائل کے حل کیلئے عمران خان جیسی جرات مندانہ قیادت کی ضرورت ہے ۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کو پاکستان کے داخلی مسائل میں مداخلت کی اجازت نہیں دی جا سکتی یہ موجودہ حکومت کی کمزوری کا نتیجہ ہے جس پر ہر پاکستانی کو گہری تشویش ہے۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ پاکستان کو خوشحال بنانے کا دعوی کرنے والے آئی ایم ایف سے4ارب ڈالر کا نیا قرضہ لینے کی تیاری کر رہے ہیں، ملک کا ہر شعبہ زبوں حالی کا شکار ہے جبکہ میٹرو ،اورنج لائن اور بھاری کمیشن والے دیگر منصوبے شروع کیے جارہے ہیں اور اپنی کرپشن چھپانے کیلئے سستی روٹی ،میٹرو ،ایل ڈی اے سکیموں کے بعد نندی پور کا ریکارڈ بھی ضائع کر دیا گیا ہے جس پر اعلیٰ عدالتوں کو از خود نوٹس لینا چاہیے اور ذمہ داران کے خلاف سخت کاروائی ہونی چاہیے ۔

(جاری ہے)

نائب صدر بلوچستان زین خیلی نے عبدالعلیم خان کو سنٹرل پنجاب کی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام بھی تبدیلی کے حق میں باہر نکلنے کیلئے تیار ہیں کیونکہ وہ بھی یہ سمجھ چکے ہیں کہ صرف عمران خان کی قیادت میں ہی ملک کو مسائل سے نجات حاصل ہو گی اور موجودہ کرپٹ نظام کا خاتمہ ہو گا انہوں نے عبدالعلیم خان کو بلوچستان کو تحائف پیش کیے ممبر صوبائی اسمبلی محمد شعیب صدیقی بھی ملاقات میں موجود تھے ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات