فلاحی ادارے سندھ میں مثالی کرداراور حکومت سندھ کے ہاتھ مضبوط کررہے ہیں،ریحانہ لغاری معاون خصوصی وزیراعلیٰ سندھ

جمعرات 8 ستمبر 2016 19:36

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔8 ستمبر ۔2016ء) وزیراعلی سندھ کی معاون خصوصی برائے انسانی حقوق ریحانہ لغاری نے کہا ہے کہ فلاحی ادارے سندھ میں مثالی کرداراور حکومت سندھ کے ہاتھ مضبوط کررہے ہیں، محکمہ انسانی حقوق اور حکومت سندھ ہرسطح پر ان فلاحی اداروں کی مدد کرے گی،فلاحی اداروں میں ڈاکٹرز اور ادویات کی ضرورت ہے، لہذااس کارخیر میں وزیر صحت اور ان کے محکمہ کی مدد سے یہ سہولت بھی فراہم کردی جائے گی۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے ایدھی ہومز، میٹھادر اور بنت فاطمہ اولڈہومزکے دورے کے موقع پرمنتظمین سے گفتگوکرتے ہوئے کیا،اس موقع پر ریحانہ لغاری نے ایدھی ہومزکے مختلف شعبوں کا دورہ کیا اوربچوں سے بات چیت کی۔دورے کے موقع پر ایدھی ہومز کے زیراہتمام اسکول میں پڑھانے والے اساتذہ سے بات چیت بھی کی اور کلاس میں موجود بچوں کوبلیک بورڈ کی مدد سے انگریزی کے کچھ جملے اور الفاظ بھی سکھائے، جس پر بچوں نے خوشی کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

ریحانہ لغاری نے کہا کہ یہ بچے کسی بھی صورت لاوارث نہیں ہیں، فلاحی اداروں کی شکل میں ان کو گھر جیسا ماحول مہیا کرنے کی بھرپور کوشش کی جارہی ہے، جس کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے۔بعدازاں ریحانہ لغاری نے بنت فاطمہ اولڈ ہو مز کا بھی دورہ کیا اور بانی ومنتظم فرزانہ شعیب سے اولڈہومز میں مقیم ضعیف خواتین کی کفالت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ بھی لی۔

فرزانہ شعیب نے بریفنگ میں بتایاکہ یہ ادارہ ایک ایسی خاتون کے نام پر بنایا گیا ہے جن کی اولاد نے انکی کفالت سے انکار کر دیا اوراکیلا چھوڑدیا تھا اور اس کے بعد انہوں نے ان کی کفالت کا ذمہ اٹھایا، اور وہی واقعہ اس فلاحی ادارے کی بنیاد بنا، جب سے لیکر آج تک جو بھی ضعیف خواتین ان کو ملتی ہیں تو وہ اس ادارے میں رکھ لی جاتی ہیں،اور اب تک اس ادارے میں 38ضعیف خواتین کی دیکھ بھال کی جارہی ہے،انہوں نے مزیدبتایا کہ وہ اپنی مدد آپ کے تحت یہ ادارہ چلا رہی ہیں اور ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کی کوشش کررہی ہیں البتہ ضعیف خواتین کی دیکھ بھال میں ڈاکٹرز اور دوائیں ناگزیر ہیں جن کی اشد ضرورت ہے۔

جس پرمعاون خصوصی نے انہیں یقین دلایا کہ وہ خود صوبائی وزیر صحت سے اس بارے میں بات کریں گی اور ان کے محکمہ کی مدد سے یہاں ڈاکٹرز مہیاکیے جاسکیں گے۔

متعلقہ عنوان :