Live Updates

احتساب کے نام پر دھرنوں میں یہودی لابی مغربی کلچر متعارف کر کے نوجوان نسل کو فحاشی،عریانی کی دلدل میں دکھیل رہی ہے، مولانا فضل الرحمن

عمران خان خیبر پختونخواہ میں حکومتی ناکامیاں چھپانے کیلئے کے پی کے تک چھوڑ گئے ہیں، اقتصادی راہداری منصوبہ ملک میں ترقی و خوشحالی کا سنگ میل ثابت ہوگا، فاٹا کو صوبے میں ضم کرانے کیلئے قبائلی عوام کی مرضی شامل کی جائے، سربراہ جے یو آئی کی وفد سے گفتگو

جمعرات 8 ستمبر 2016 18:19

ھنگو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔8 ستمبر ۔2016ء) سربراہ جمعیت علماء اسلام اور کشمیر کمیٹی کے چیئر مین مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ احتساب کے نام پر دھرنوں میں یہودی لابی مغربی کلچر متعارف کراتے ہوئے نوجوان نسل کو فحاشی،عریانی کی دلدل میں دکھیل رہی ہے۔ عمران خان صوبہ خیبر پختونخواہ میں حکومتی ناکامیاں چھپانے کے لئے کے پی کے تک چھوڑ گئے ہیں۔

اقتصادی راہداری منصوبہ ملک میں ترقی و خوشحالی کا سنگ میل ثابت ہوگا۔ فاٹا کو صوبے میں ضم کرانے کے لئے قبائلی عوام کی مرضی شامل کی جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں اپنی رہائش گاہ پر ہنگو پریس کلب کے صدر میاں سیف الاسلام کاکاخیل کی قیادت میں ایک نمائندہ وفد جس میں جے یو آئی کے ممتاز رہنماء مولانا محمد عظیم اور عبدالقدیم بھی شامل تھے کے ساتھ ملاقا ت میں کیا۔

(جاری ہے)

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ملک دھرنوں کی سیاست کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ عمران خان خیبر پختونخواہ میں صوبائی حکومتی امور چلانے میں ناکامی پر کے پی کے چھوڑ کر یہودی لابی کی ایماء پر سڑکوں اور چوراہوں پر نئی نسل کو مغربی کلچر کے سانچے میں ڈالنے کی کوششوں میں مصروف رہ کر فحاشی عریانی کے نظام کے خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ خان صاحب کے اوٹ پٹھانگ سیاسی دعوؤں کو ملک بھر کے عوام مسترد کر چکے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ کے پی کے کی حکومت زوال پزیر ہو کر صوبے کے عوام سے نگاہیں ملانے سے کترا رہی ہیں ۔جبکہ اصلاحات کے سیاسی دعوے جھوٹ کا پلندرہ ثابت ہوئی۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ کی تکمیل سے ملک میں ترقی و خوشحالی کا ایک نیا دور شروع ہوگا۔ جس سے ملک بھر سمیت خیبر پختونخواہ میں بھی ترقی کی نئی راہیں متعین ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ صوبہ سندھ میں مدارس کے لئے قوانین کی آڑ میں دینی مدارس کوہائی جیک نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ قوانین صرف دینی مدارس کے لئے بنائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فاٹا کو صوبے میں ضم کرنے سے پہلے فاٹا کے عوام کی مرضی شامل کی جائے اور قبائلی عوام پر کوئی بھی فیصلہ زبردستی مسلط کرانے کی حمایت نہیں کریں گے۔ فاٹا کے عوام مہاجر نہیں بلکہ پاکستانی شہری ہے اور حکومت قبائلی عوام کے بلاک قومی شناختی کارڈ کا مسئلہ حل کرانے کے لئے خصوصی کمیٹی تشکیل دیں۔

فاٹا کے غیور قبائل نے ملک و قوم کے لئے لازوال قربانیاں پیش کی ہے۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان نے خیبر پختونخواہ کے جنوبی اضلاع بھر کو گیس فراہمی کی یقین دہانی کرائی ہے اور عنقریب جنوبی اضلاع کے گھر گھر گیس فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ جے یو آئی ملک میں آئین و دستور کی بالا دستی پر یقین رکھتی ہیں اور مرکزی حکومت کا اتحادی ہونے کے باوجود ہر غیر آئینی اقدام کی مخالفت میں سب سے آگے آگے چلے گی۔ انہوں نے کہا کہ خدا کی زمین پر خدا کا نظام رائج ہونے تک سیاسی جدو جہد جاری رکھی جائے گی ۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات