ایل ڈی اے کو عوامی خدمت کا فعال ادارہ بنانے کیلئے ڈائریکٹر جنرل نبیل جاوید کا روزانہ ون ونڈو سیل کے معائنے کا فیصلہ

تمام ڈائریکٹرز کو دن آٹھ بجے ون ونڈو سیل پر حاضری لگانے اور 11سے 12بجے کے دوران ذاتی طور پر موجود رہنے کی ہدایت

جمعرات 8 ستمبر 2016 18:19

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔8 ستمبر ۔2016ء )لاہور ڈویلپمنٹ اتھار ٹی کے ڈائریکٹر جنرل نبیل جاوید نے شہریوں کی درخواستوں پر بلاتاخیر عمل در آمد یقینی اور محکمہ کو عوامی خدمت کا فعال ادارہ بنانے کے لئے ون ونڈو سیل کی براہ راست نگرانی اورہر روزکسی بھی وقت بغیر ا طلاع ون ونڈو سیل کا معائنہ کرنے کا فیصلہ کیاہے اور تمام ڈائریکٹرز کو صبح آٹھ بجے ون ونڈو سیل پر حاضری لگانے اور دن 11سے 12بجے کے دوران یہاں ذاتی طور پر موجود رہنے کی ہدایت کی ہے -ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے نے گزشتہ روز بھی ایل ڈی اے ون ونڈو سیل کا دورہ کیا اور وہاں موجود شہریوں سے ان کے مسائل معلوم کر کے موقع پر ہی ان کے حل کے لئے احکامات جاری کئے -انہوں نے متعلقہ ڈائریکٹوریٹس کے درمیان کوآرڈی نیشن بہترکرنے اور مختلف امور کی انجام دہی کے لئے بنائے جانے والے ایس او پیز (طریقہ کار)کو مزید سادہ اور آسان بنانے کی ہدایت کی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے ہدایت کی کہشہریوں کی طرف سے ون ونڈو سیل پر جمع کروائی جانے والی درخواستوں پر دیئے گئے وقت میں عمل درآمد یقینی بنایا جائے‘انہیں ان کی درخواستوں پر اعتراضات کے بارے میں ایک ہی بار آگاہ کردیا جائے اور بار بار چکر نہ لگوائے جائیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ شہریوں کی درخواستوں پر غیر ضروری اعتراضات لگانے اور غیر متعلقہ جوابات دینے والے افسروں اور اہلکاروں کے ساتھ کوئی رعایت نہیں کی جائے گی -ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے نے ڈائریکٹر ون ونڈ فہد انیس کو ہدایت کی کہ سب رجسٹرارز‘ ٹریژری افس اور دیگر محکموں کو تصدیق کے لئے ارسال کی جانے والی شہریوں کی دستاویزات اور کوائف کی جلد واپسی کے لئے ان افسران سے بلا تاخیر ذاتی طو ر پر رابطہ کر کے اس عمل کو مکمل کیا جائے تا کہ ان سے متعلقہ شہریوں کے امور جلد از جلد انجام دئیے جاسکیں ۔