کنوینر سینیٹر نثار محمد کی زیر صدارت سینیٹ خصوصی کمیٹی برائے محروم طبقات مسائل کا اجلاس

کمیٹی محروم طبقات کے حقوق کا تحفظ یقینی بنائیگی، کنونیئر کمیٹی

جمعرات 8 ستمبر 2016 17:59

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔8 ستمبر ۔2016ء) سینیٹ خصوصی کمیٹی برائے محروم طبقات مسائل کا اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں کنوینر سینیٹر نثار محمد کی صدارت میں منعقد ہوا۔جس میں خصوصی کمیٹی نے آئندہ کام کرنے کا طریقہ کار اور کمیٹی کے دائرہ کار کے علاوہ معاشرے کے محروم طبقات کے معاشی ،معاشرتی ،قانونی ،آئینی حقوق کی فراہمی کو یقینی بنانے اور ایکٹ آف پارلیمنٹ کے تحت قائم ہونے والے سرکاری اداروں کی کارکردگی اور بہتری کے اقدامات زیر غور آئے۔

کنوینر کمیٹی سینیٹر نثار مالا کنڈ نے کہا کہ معاشرتی نا ہمواریوں کے خاتمے کیلئے سرکاری طور پر انسداد غربت پالیسی بنانے کی اشد ضرورت ہے۔ آئین کی تمہید اور پہلے 40آرٹیکلز معاشرے سے محروم طبقات اور اقلیتوں کے حقوق یقینی بنانے کی ضمانت ہے لیکن اس پر بھرپور توجہ نہیں دی گئی۔

(جاری ہے)

چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے معاشرے کے خصوصی افراد کے مسائل کے حل کیلئے خصوصی کمیٹی قائم کی ہے جس پر کمیٹی چیئرمین سینیٹ کے اس اقدام کو آئین کی بالا دستی اور عوام دوستی کا قدم سمجھتی ہے۔

کمیٹی بھی مسائل کے حل کیلئے خصوصی کردار ادا کریگی۔کنوینر کمیٹی سینیٹر نثار محمد مالا کنڈ نے کہا کہ کمیٹی محروم طبقات کے حقوق کا تحفظ یقینی بنائیگی۔ کمیٹی اجلاس میں کنوینر کمیٹی سینیٹر نثار محمد مالا کنڈ نے تجویز دی کہ کمیٹی اجلاسوں میں بہتر رہنمائی کیلئے چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی کو بھی خصوصی شرکت کیلئے درخواست کی جائیگی جس کی اراکین کمیٹی نے تائید اور حمایت کی۔

کمیٹی اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ معاشرے کے محروم طبقات اور اقلیتوں کے مسائل کے حل اور آئینی حقوق کی برابر فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے مستقبل کی مستقل پالیسی کیلئے قانون سازی کی قابل عمل تجاویز دی جائینگی۔سینیٹر میر کبیر شاہی نے کہا کہ کمیٹی کا قیام احسن قدم ہے ۔سینیٹر سجاد حسین طوری نے کہا کہ فاٹا میں شہریوں کو صحت کے شدید مسائل کا سامنا ہے۔

سینیٹر محمد علی سیف نے تجویز دیا کہ این جی اوز سے بھی مشاورت کی جانی چاہئے۔کنوینر کمیٹی سینیٹر نثار محمد مالا کنڈ نے کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام اور بیت المال کی کارکردگی کا از سر نو جائزہ لے کر مزید بہتری کی تجاویز دی جائیں۔اور کہا کہ شماریات ڈویژن کے ذریعے یتیم ،اپاہج ،خانہ بدوشوں ،بے گھر ،شہریوں کا مکمل ڈیٹا حاصل کیا جائے۔کمیٹی کا آئندہ اجلاس 24ستمبر کو طلب کیا گیا ہے جس میں وزارت منصوبہ بندی وترقیات سے تفصیلی بریفنگ لی جائیگی۔اجلاس میں سینیٹرز ظفر اﷲ خان ڈھانڈلا،میر کبیر شاہی،سجاد حسین طوری،محمد علی سیف،روبینہ عرفان نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :