سندھ حکومت کی جانب سے جاری صفائی مہم کو مزید تیز کیا جائے،جام خان شورو

جمعرات 8 ستمبر 2016 16:58

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔08 ستمبر۔2016ء) وزیر بلدیات سندھ جام خان شورو نے تمام ڈسٹرکٹ کے میونسپل کمشنرز کو سختی سے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ حکومت کی جانب سے جاری صفائی مہم کو مزید تیز کیا جائے اور اس میں کسی قسم کی کوتاہی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔میونسپل کمشنرز، افسران اور ملازمین منتخب عوامی نمائندوں کے ساتھ مل کر اپنے اپنے اضلاع میں صفائی مہم اور عید الضحیٰ کے حوالے سے عید کے دنوں میں قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کو اٹھانے اور ان کو ٹھکانے لگانے کے لئے تمام تیاریوں کو فوری مکمل کرلیں۔

عوامی شکایات کے فوری ازالے کے لئے تمام ڈی ایم سیز شکایتی سیل اور ہیلپ لائن کو یقینی بنائیں اور ان نمبرز کو پرنٹ والیکٹرونک میڈیا اور سوشل میڈیا کے ذریعے تشہیر کیا جائے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق وزیر بلدیات سندھ جام خان شورو نے جمعرات کے روز کراچی کے تمام اضلاع کے میونسپل کمشنرز سے رابطہ کیا اور انہیں سختی سے ہدایات دیں ہے کہ سندھ حکومت کی جانب سے شہر میں جاری صفائی مہم کو مزید تیز کیا جائے اور شہر میں صفائی کے نظام کو مزید موثر کیا جائے۔

وزیر بلدیات سندھ جام خان شورو نے کہا ہے کہ تمام ایم سیز، افسران اور ملازمین منتخب عوامی نمائندوں کے ساتھ مل کر شہر میں صفائی ستھرائی کو یقینی بنائیں اورتمام میونسپل کمشنرز، افسران اور ملازمین عید الضحیٰ سے قبل شہر میں موجود کچڑے کے ڈمپ شدہ ملبے کو مکمل طور پر صاف کردیں۔انہوں نے عیدالضحیٰ کے دنوں میں تمام ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ صفائی ستھرائی اور بالخصوص عید کے دنوں میں قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کو فوری طور پر اٹھانے میں کسی قسم کی شکایات کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور کوتاہی کے مرتکب افسران اور ملازمین کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

جام خان شورو نے ہدایات دی کہ قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کو فوری طور پر اٹھانے اور ان کو ٹھکانے لگانے کے لئے تمام انتظامات کو مکمل کیا جائے اور اس سلسلے میں تمام ڈی ایم سیز کے میونسپل کمشنرز عوامی نمائندوں کے ساتھ مل کر ان آلائشوں کو اٹھانے کے لئے اقدامات کو یقینی بنائیں۔ صوبائی وزیر نے تمام ڈی ایم سیز کو عوامی رابطے کے لئے اپنے اپنے ڈسٹرکٹ میں آلائشوں کو اٹھانے کے لئے ہیلپ لائن نمبرز کے اجراء کی ہدایات دیتے ہوئے کہا ہے کہ تمام ڈی ایم سیز میں مانیٹرنگ سیل قائم کیا جائے اور عید کے دنوں میں مذکورہ سیل کے نمبرز عوام تک پہنچائے جائیں تاکہ عوام باآسانی اپنی شکایات کا اندراج کروا سکیں۔

جام خان شورو نے کہا ہے کہ پرنٹ و الیکٹرونک میڈیا، سوشل میڈیا اور دیگر ذرائع سے ان سیل کے نمبروں کی تشہیر کو یقینی بنایا جائے۔صوبائی وزیر بلدیات نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ عید کے دنوں میں آلائشوں کے نہ اٹھائے جانے پر ڈی ایم سیز کے بنائے گئے شکایتی سیل اور جاری کردہ نمبروں پر رابطہ کرکے اپنی شکایات کا اندراج کرائیں۔

متعلقہ عنوان :