سینیٹ کی قائمہ کمیٹی خزانہ کا ملائیشیا کی اقتصادی ٹاسک فورس پامینڈو کا دورہ

جمعرات 8 ستمبر 2016 16:58

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔08 ستمبر۔2016ء) سینیٹر سلیم مانڈوی والا کی سربراہی میں سینیٹ کی قائمہ کمیٹی خزانہ نے ملائیشیا کی اقتصادی ٹاسک فورس پامینڈو کا دورہ کیا ہے۔ قائمہ کمیٹی کے اراکین نے پامینڈوکے سربراہ دیتوک سری ادریس سے ملاقات کی ہے۔ جس میں معاشی اصلاحات کے ایجنڈے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ قائمہ کمیٹی کے وفد کی ملائیشیا میں ایس ای سی پی اور خزانہ فنڈکے سربراہ سے ملاقاتیں کیں۔

جن میں پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان اقتصادی تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ سکوک بانڈز مارکیٹ اور معاشی اصلاحات کے ایجنڈے پر بات چیت کی گئی۔ سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ ملائیشین کیپیٹل مارکیٹ میں غیر ملکی سرمایہ کاری بڑھ رہی ہے۔ غیر ملکی سرمایہ کاری ملائیشیا کے سکوک بانڈز خریدنے میں دلچسپی ظاہر کر رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

پاکستان کو معاشی اصلاحات کے ایجنڈے کو مانیٹر کرنے کی ضرورت ہے ۔

سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ پاکستان ملائیشیا کی اقتصادی اصلاحات سے سبق سیکھ سکتا ہے ۔ ملائیشیا کے وزیر اعظم نے اقتصادی ایجنڈے کو پہلی ترجیح دی۔ وزیراعظم نواز شریف کو بھی اقتصادی ایجنڈے کو پہلی ترجیح دینا ہوگی ۔ ملائیشیا میں معاشی ٹاسک فورس وزرا اور بیوروکریسی سے جواب طلب کرتی ہے اور خراب کارکردگی پر انہیں برطرف بھی کردیا جاتا ہے ۔ پاکستان میں احتساب کا نظام مضبوط کرنا ہوگا۔ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی خزانہ کا سینیٹ کی تاریخ میں یہ پہلا غیر ملکی دورہ ہے جس میں پاک ملائیشیا دو طرفہ تعلقات کو بڑھانے پر زور دیا گیا ہے۔ کمیٹی وفد میں سینیٹر محسن عزیز، عائشہ رضا، محسن لغاری، الیس بلور ، سعود مجید اور فتح محمد حسنی شامل ہیں۔

متعلقہ عنوان :