Live Updates

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا رائے ونڈ مارچ کی جگہ اور تاریخ تبدیل کرنے کا اعلان

جمعرات 8 ستمبر 2016 16:38

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔08 ستمبر۔2016ء) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے رائے ونڈ مارچ کی جگہ اور تاریخ تبدیل کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن ساتھ چلے تو فیصلے مشاورت سے کریں گے،رائے ونڈ مارچ کی جگہ اور تاریخ تبدیل ہوسکتی ہے،آج سے ایاز صادق کو اسپیکر نہیں کہوں گا ،نوازشریف مجھے خرید نہ سکا تو ایاز صادق کے ذریعے دبانے کی کوشش کی،کوئی غلط فہمی میں نہ رہے،پانامہ کے معاملے پر آخری حد تک جائیں گے،نوازشریف کے رائے ونڈ کے گھر کی بم پروف دیوار عوام کے 60کروڑ روپے سے بنی ہے،ٹین ڈوئنگ اسٹریٹ پر احتجاج ہوسکتا ہے تو نوازشریف کے گھر کے باہر کیوں نہیں ہوسکتا،ٹانگیں توڑنے والے گلو(ن) لیگ میں ہیں،پی ٹی آئی میں نہیں،وزیراعظم،اسپیکر اور حکومت اخلاقی قوت کھوبیٹھی ہے،(ن) لیگ کے اراکین پارلیمنٹ نوازشریف سے کرپشن پر سوال و جواب کریں۔

(جاری ہے)

وہ جمعرات کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ جمہوریت حکومت کی اخلاقی قوت سے چلتی ہے ،وزیراعظم،اسپیکر اور حکومت اخلاقی قوت کھو بیٹھی ہے،نوازشریف بجائے اپنی کرپشن اور الزامات کا جواب دینے کی بجائے اپوزیشن پر دباؤ ڈال رہے ہیں کہ وہ سوال نہ کرے۔انہوں نے کہاکہ ہماری ریلی میں بچے بچے کی زبان پر یہی نعرہ تھا کہ ” گلی گلی میں ہے شور،نوازشریف چور،نوازشریف چور “ نوازشریف مجھ پر دباؤ ڈالنے کیلئے اسپیکر کا استعمال کر رہا ہے ۔

میں نے کون سے چیز 2013میں ڈکلیئر نہیں کی،تب ان کو کیوں نظر نہیں آیا ۔میرے خلاف کارروائی کرنی تھی تو 2013میں کیوں نہیں کی گئی،اصل ریفرنس نوازشریف کے خلاف بنتا تھا،میرا تو پانامہ میں نام تک نہیں،میرے خلاف ریفرنس الیکشن کمیشن کو بھجوایاگیا،عمران خان نے کہا کہ نوازشریف اور ان کے سارے بچوں کے جھوٹ پکڑے گا،کلثوم نواز کا بیان سب کے سامنے ہے،میرا تو سارا پیسا حلال کا ہے،مجھے کیا ڈر جن ٹی او آرز پر نوازشریف کا احتساب ہونا ہے،انہیں پر میرا کرلیا جائے۔

عمران خان نے کہا کہ اسپیکر نے فیصلے سے اپنی اخلاقی قو ت ختم کردی،آج موجود ہوتا تو زیادہ سخت الفاظ استعمال کرتا،آج سے ایازصادق کو اسپیکر نہیں کہوں گا،اسپیکر نے ریفرنس کے معاملے پر نوازشریف کے دباؤ میں فیصلہ کیا،نوازشریف خریدنے اور کچلنے کا فلسفہ رکھتا ہے،مجھے خریدنہیں سکتا تو دبانے کی کوشش کی۔انہوں نے کہا کہ رائے ونڈ نوازشریف کی جاگیر نہیں،وہ بڑا علاقہ ہے،ہم نے رائے ونڈ جانے کا اعلان کیا ہے،نوازشریف کے گھر جانے کا نہیں ِرائے ونڈ عوام کے پیسے سے چلتا ہے،نوازشریف کے گھر کی بم پروف دیوار عوام کے 60کروڑ روپے سے بنی ہے،اگرٹیس ڈوئنگ اسٹریٹ پر برطانوی وزیراعظم کے گھر کے باہر احتجاج ہوسکتا ہے تو نوازشریف کے گھر کے باہر کیوں نہیں ہوسکتا،یہ وزیراعظم ہیں یا بادشاہ۔

انہوں نے کہاکہ اپوزیشن سے مشاور ت کریں گے،اپوزیشن ساتھ چلے تو رائے ونڈ کی جگہ اور تاریخ تبدیل ہوسکتی ہے،(ن) لیگ کے اراکین کو کہا ہے کہ نوازشریف سے کرپشن اور پانامہ پر سوال کریں۔انہوں نے کہا کہ نوازشریف کو نہیں اللہ کو جواب دیناہے،ٹانگیں توڑنے والے گلو ن لیگ میں ہیں ،پی ٹی آئی میں نہیں،کوئی خوش فہمی میں نہ رہے،پانامہ کے معاملے پر آخری حد تک جائیں گے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمو د قریشی نے کہا کہ اسپیکر کے رویے کے خلاف واک آؤٹ پر اپوزیشن جماعتوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں،ہم جمہوریت اقدار میں رہ کر احتجاج ریکارڈ کرواتے رہیں گے،اپوزیشن جماعتوں کے اجلاس میں تمام جماعتوں کے ہمارے موقف کی تائید کی ہے کہ سپیکر یا تو دونوں ریفرنسز آگے بھیج دیتے یا دونوں مسترد کردیتے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات