اسٹاک ایکسچینج کے انڈیکس میں تاریخی اضافے کو حکومت کی مثبت معاشی پالیسیوں کا نتیجہ قرار دیتے ہیں،وزیراعظم

جمعرات 8 ستمبر 2016 16:37

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔08 ستمبر۔2016ء) وزیراعظم محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے انڈیکس میں تاریخی اضافے کو حکومت کی مثبت معاشی پالیسیوں کا نتیجہ قرار دیتے ہیں،2013میں جب اقتدار سنبھالا تو صورتحال مختلف تھی،سٹاک ایکسچینج میں 19000پوائنٹ پر تھی،لیکن آج دنیا اسے پہلی10مارکیٹوں میں شمار کر رہی ہے،2018تک بجلی کی لوڈشیڈنگ کا مکمل خاتمہ کردیں گے،سستی اور وافر بجلی کی فراہمی ہمارا وژن ہے،ستر کی دہائی میں اداروں کو قومیانے سے معیشت کو نقصان پہنچا ہے۔

جمعرات کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں بہترین کارکردگی پر ایوارڈز دینے کی تقریب منعقد کی گئی،تقریب میں وزیراعظم محمد نوازشریف مہمان خصوصی تھے،وفاقی وزیراسحاق ڈار،گورنر سندھ عشرت العباد اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ بھی تقریب میں شریک تھے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم محمد نوازشریف نے بہترین کارکردگی کی حامل کمپنیوں میں ایوارڈز تقسیم کیے۔وزیراعظم محمد نوازشریف نے بہترین کارکردگی کی حامل کمپنیوں میں ایوارڈز تقسیم کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت سنبھالی تو سٹاک ایکسچینج کا انڈیکس 19000پوائنٹ تھااور آج اسٹاک ایکسچینج کا انڈیکس 40ہزار100پوائنٹ تک پہنچ گیا ہے،پاکستان کی اسٹاک ایکسچینج دنیا کی 10بہترین مارکیٹس میں شمار کیاجاتا ہے،ملک بھر میں بجلی کے کارخانے لگائے جارہے ہیں،پورٹ قاسم،حب اور تھر میں بجلی کے کارخانے لگ رہے ہیں،اسی طرح ملک کے چپے چپے میں بجلی کے بہت سے منصوبے لگ رہے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ صنعتوں کو بجلی اور گیس کی 100فیصد فراہمی جاری ہے،2018تک ملک سے بجلی کی لوڈشیڈنگ کا مکمل خاتمہ ہوجائیگا اور سستی و وافر بجلی کی فراہمی ہمارا وژن ہے،برآمدات میں اضافے کیلئے مختلف تجاویز پر غور کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ٹیکس محصولات میں 60فیصد اضافہ ہوا ہے،زرمبادلہ کے ذخائر ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہے ،پی آئی اے کو دنیا کی بہترین ائیر لائن بنائیں گے،اس کے ساتھ ساتھ ریلوے کے بنیادی ڈھانچے کو بھی مضبوط کیا جارہا ہے،ستر کی دہائی میں اداروں کو قومیانے سے معشیت کو نقصان پہنچا اور نجکاری کی پالیسی سے اداروں سے منافع کمانا شروع کیا،برآمد کنندگان کی راہ میں رکاوٹوں کو دور کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ فارن ایکسچینج پر قدغن سے سرمایہ کاروں کو نقصان ہورہا تھا،ہم نے اس پر پابندی اٹھائی، اس سے حکومتی اقدامات کے باعث کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ ہوا ہے،پاکستان میں برآمدات اور سرمایہ کاری بڑھانا چاہتے ہیں،کراچی تا لاہور موٹروے پر کام جاری ہے اور حیدرآباد تا سکھر موٹروے کا جلد سنگ بنیاد رکھا جائیگا،سکھر سے ملتان اور ملتان سے لاہور موٹروے کی تعمیر بھی جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک کے چپے چپے میں نئی شاہرائیں تعمیر ہورہی ہے،ملک سے جلد گیس کی قلت کا بھی خاتمہ ہوجائیگا،موٹروے گوادر سے منسلک ہوگی،قوم،ملک کو اندھیروں میں دھکیلنے والوں سے حساب ضرور لے گی۔