ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس کے تینوں ملزمان کے جوڈیشل ریمانڈ میں چودہ روز کی توسیع ، ایف آئی اے کو پراسیکیوٹر تعینات کرنے کی ہدایت

جمعرات 8 ستمبر 2016 15:22

اسلام آباد ۔ 08 ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔08 ستمبر۔2016ء) انسداد دہشت گردی کی عدالت نے ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس کے تینوں ملزمان کے جوڈیشل ریمانڈ میں چودہ روز کی توسیع کرتے ہوئے ایف آئی اے کو پراسیکیوٹر تعینات کرنے کی ہدایت کی ہے ۔عدالت نے ملزم خالد شمیم کی درخواست ضمانت پر ایف آئی اے کو نوٹس جاری کر دیا ہے ۔

(جاری ہے)

اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی کی عدالت کے جج سید کوثر عباس زیدی نے ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس کی سماعت کی،دوران سماعت وکیل ذیشان چیمہ نے درخواست ضمانت بھی دائر کی جس پرفاضل جج نے ایف آئی اے کے تفتیشی آفیسر چوہدری شہزاد ظفر سے استفسار کیا کہ مقدمہ میں ابھی تک پراسیکیوٹر کیوں تعینات نہیں کیا گیا،جس پر تفتیشی آفیسر نے عدالت کو بتایا کہ وزارت داخلہ میں نام بھیجے گئے تھے لیکن انھوں نے نام مسترد کر دئیے ہیں جس پرعدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دئیے کہ کیوں نہ ڈی جی ایف آئی اے کو طلب کر کے پوچھا جائے ۔

عدالت نے تینوں ملزمان کے جوڈیشل ریمانڈ میں چودہ روز کی توسیع کرتے ہوئے سماعت 22ستمبر تک ملتوی کر دی ۔

متعلقہ عنوان :