بیرسٹر فہد ملک قتل کیس کے ملزم ہاشم خان کی عبوری درخواست ضمانت میں 21ستمبر تک توسیع ، مقدمہ کے مدعی کو نوٹس جاری

جمعرات 8 ستمبر 2016 15:22

اسلام آباد ۔ 08 ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔08 ستمبر۔2016ء) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج سید کوثر عباس زیدی نے سابق چیئرمین سینٹ محمد میاں سومرو کے بھانجے بیرسٹر فہد ملک قتل کیس کے ملزم ہاشم خان کی عبوری درخواست ضمانت میں 21ستمبر تک توسیع کر تے ہوئے مقدمہ کے مدعی کو نوٹس جاری کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

جمعرات کو عدالت نے بیرسٹر فہد ملک قتل کیس میں ملوث ملزم ہاشم خان کی عبوری درخواست ضمانت پر سماعت کی تو ملزم کی جانب سے اس کے وکیل راجہ شاہد جبکہ مقدمہ کے تفتیشی آفیسر انسپکٹر محمد یوسف عدالت میں پیش ہوئے،دوران سماعت ملزم کے وکیل نے دلائل دئیے کہ ان کا موکل مقدمہ میں نامزد نہیں بلکہ شک کی بنیاد پر شامل کیا گیا جس کے بعد عبوری ضمانت حاصل کی گئی ،عدالت نے ریمارکس دئیے کہ مقدمہ کا مدعی کہاں ہے؟اگر تفتیشی وہی ہے تو مدعی کیوں حاضر نہیں ہوا،عدالت نے ملزم کی عبوری درخواست ضمانت میں 21 ستمبر تک توسیع کر تے ہوئے مقدمہ کے مدعی کو نوٹس جاری کر دیا ہے۔

متعلقہ عنوان :