کرکٹ اور ہاکی کی طرح ہینڈ بال کا کھیل بھی ملک میں مقبول ہو رہا ہے، کوچ نصیراحمد

جمعرات 8 ستمبر 2016 15:10

اسلام آباد ۔ 08 ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔08 ستمبر۔2016ء) قومی ہینڈبال کوچ نصیر احمد نے کہا ہے کہ پاکستان میں کرکٹ اور ہاکی کی طرح ہینڈبال کا کھیل بھی مقبول ہو رہا ہے اور کھلاڑیوں کا رحجان بھی کھیلنے کے لئے بڑھتا جا رہا ہے۔ گذشتہ روز جناح سٹیڈیم میں اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت کو بھی چاہئے کہ دوسری کھیلوں کی طرح ہینڈبال کے کھیل پر توجہ دے تاکہ عالمی سطح پر اس کھیل میں بھی میڈل آ سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گذشتہ ماہ تھالی لینڈ میں کھیلی گئی جونیئر ایشین بیچ گیمز میں قومی جونیئر ٹیم کے کھلاڑیوں نے کانسی کا تمغہ حاصل کرکے عالمی جونیئر کپ کے لئے کوالیفائی کیا ہے جو کہ 2017 ء میں کھیلا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایشین بیچ گیمز کی تیاری کے سلسلہ میں قومی سنیئر ہینڈ بال ٹیم کے کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ پاکستان سپورٹس کمپلیکس میں جاری ہے،جس میں ملک بھر سے 16 کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں جن میں عزر عاطف،شاہد پرویز، حضرت حسین، عاصم سعید، خاور یسیٰن، عبید اللہ، رانا وقار ، آصف علی، محمد معاذ، مزمل حسین، اظہر علی، نواز خان، محمد رضوان، محمد عثمان اور محمد فیاض شامل ہیں ، جبکہ تربیتی کیمپ میں اسسٹنٹ کوچ کے فرائض مرزا سلطان محمود انجام دے رہے ہیں، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان ہینڈبا ل فیڈریشن گراس روٹ لیول پر کھیل کے فروغ کے لئے اقدامات کر رہی ہے جن میں جونیئر کھلاڑیوں کے لئے ٹورنامنٹس کا انعقاد کرنا ہے۔

متعلقہ عنوان :