وزیر داخلہ کی ہدایت پر ایف آئی اے نے غیر ملکیوں کو شناختی کارڈ کے اجرا میں ملوث دو نادرا اہلکاروں کو گرفتار کر لیا

غیر ملکیوں کو پاکستانی شناخت فراہم کرنے والے اور ملکی سلامتی کو داوٴ پر لگانے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ‘وزیر داخلہ

جمعرات 8 ستمبر 2016 14:05

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔08 ستمبر۔2016ء) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کے حکم پر فیڈرل انوسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے ) نے غیر ملکیوں کو شناختی کارڈ کے اجرا میں ملوث دو نادرا اہلکاروں کو گرفتار کر لیا ۔ محمد کامران اور راوٴ محمد وسیم کوکراچی اور اسلام آباد سے گرفتار کیا گیا۔ ترجمان وزرات داخلہ کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کی ہدایات پر ایف آئی اے نے غیرملکیوں کو قومی شناختی کارڈ جاری کرنے کے خلاف ملک بھر میں کریک ڈاؤن شروع کر دیا ہے ۔

(جاری ہے)

ترجمان کے مطابق محمد کامران اور راؤ محمد وسیم کی نشاندہی بھی اسی مہم کے دوران ہوئی۔ محمد کامران کراچی کا رہائشی اور 2003سے نادرا ملازم ہے۔ راوٴ محمد وسیم 2004 سے نادرا میں ملازم ہے اور چوہڑ چوک راولپنڈی میں تعینات تھا۔وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ غیر ملکیوں کو پاکستانی شناخت فراہم کرنے والے اور ملکی سلامتی کو داوٴ پر لگانے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں‘انہوں نے نادرا حکام کو جعلی شناختی کارڈز کے اجرا میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی تیز کرنے کی ہدایت کی ہے ۔

متعلقہ عنوان :