امریکہ15سال بعد بھی انتہا پسندی پرقابو پانے میں ناکام رہا ہے، 9/11 کمیشن

جمعرات 8 ستمبر 2016 13:36

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔08 ستمبر۔2016ء) ایک اعلیٰ امریکی اہلکار اور 9/11 کمیشن کے سربراہ نے کہا ہے کہ 11 ستمبر 2001 کے دہشت گرد حملوں کے 15سال بعد بھی امریکہ القاعدہ اور اسی طرح کے بنیاد پرست انتہا پسندی کے خلاف کسی قسم کی کامیابی حاصل کرنے کامیاب نہیں ہو سکا ہے۔ 9/11 کمیشن کے شریک چیئرمین تھامس کیان نے فون پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم جیت نہیں رہے ہیں بلکہ سادہ الفاظ میں ہم ایک تعطل کا شکار ہیں۔

نیو جرسی کے سابق گورنر نے کہا کہ واضح حقیقت یہی ہے کہ 15 سال میں ہم 11 ستمبرجیسے ایک بڑے حملے کا شکار نہیں ہوئے لیکن دوسری طرف ہم پر بہت بڑی تعداد میں چھوٹے حملے ہوئے ہیں۔ عراق اور شام میں دولت اسلامیہ کے ساتھ ساتھ افریقہ، مشرق وسطی اور جنوبی ایشیا میں انتہا پسندوں کے عروج کا حوالہ دیتے ہوئے 9/11 کمیشن کے شریک چیئرمین نے کہا کہ امریکی انتظامیہ محکمہ ہوم لینڈ سیکورٹی کے قیام سمیت انسداد دہشت گردی کی جنگ پر اربوں ڈالر خرچ کر چکی ہے لیکن اب بھی دنیا بھر میں صورت حال شاید 9/11 سے بھی زیادہ خطرناک ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کانفرنس کال میں کہا کہ ہمیں اپنی حکمت عملی میں تبدیلی لانی ہوگی۔ امریکہ پر دہشت گرد حملوں بارے قومی کمیشن جو 9-11 کمیشن کے نام سے جانا جاتا ہے 2002 ء میں بنایا گیا تھا جو کہ ایک آزاد اور خودمختار کمیشن ہے۔