Live Updates

حکومت غلط فہمی میں نہ رہے ، پانامہ کا معاملہ منطقی انجام کو پہنچا کر دم لیں گے ،عمران خان

جمعرات 8 ستمبر 2016 13:35

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔08 ستمبر۔2016ء) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت غلط فہمی میں نہ رہے ہم پانامہ کا معاملہ منطقی انجام کو پہنچا کر دم لیں گے ،بنی گالہ آنے کی حکومتی دھمکیوں سے ڈرنے والے نہیں، 24 ستمبر کے احتجاج میں تمام اپوزیشن جماعتوں کو ساتھ لے کر چلیں گے۔قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت سے قبل اپنی رہائش گاہ بنی گالہ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف نے کہاکہ پانامہ میں اربوں روپے کی چوری چھپائی گئی ہے، کچھ بھی ہوجائے اس بات کے لئے اگرسڑکوں پر جانا پڑے تو بھی جائیں گے، یہ معاملہ ہرحال میں منطقی انجام تک پہنچے گا، حکومت غلط فہمی میں ہے کہ دھمکیوں سے عمران خان کو روک دیں گے، بنی گالہ آنے کی دھمکیوں سے ہم ڈرنے والے نہیں، 24 ستمبر کے احتجاج میں تمام اپوزیشن جماعتوں کو ساتھ لے کر چلیں گے۔

(جاری ہے)

عمران خان نے کہا کہ نیب ،ایف بی آر، ایف آئی اے تمام ادارے حکومتی ادارے ہیں، اداروں کی غلامی سے جمہوریت مستحکم نہیں ہوتی، جمہوریت کے لئے صاف شفاف الیکشن ضروری ہیں، جمہوریت کوبچانا ہے تو جمہوری اداروں کوبچانا پڑے گا، اسپیکرنے وہ ریفرنس نہیں بھیجا جس میں اربوں روپے باہربھیجنے کی نشاندہی کی گئی، اسپیکر کے اقدام نے جمہوریت کو نقصان پہنچایا، وہ اسمبلی میں اسپیکرکی جانبداری کا معاملہ اٹھائیں گے اوراسپیکرسے ان کی مجبوریاں دریافت کریں گے۔واضح رہے کہ عمران خان نے 24 ستمبرکورائیونڈ میں وزیراعظم نوازشریف کی رہائش گاہ کے سامنے دھرنے کا اعلان کرکھا ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات