انارکلی میں‌رقص کرتی لڑکیوں‌کی ویڈیو ڈیلیٹ کر دی گئی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 8 ستمبر 2016 13:32

انارکلی میں‌رقص کرتی لڑکیوں‌کی ویڈیو ڈیلیٹ کر دی گئی

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔08ستمبر2016ء): گذشتہ دنوں لاہور کے معروف بازار انارکلی میں کچھ لڑکیوں کے رقص کی ویڈیو سوشل میڈیا پر خاصی مقبول ہوئی تھی جسے سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے خاصی تنقید کا نشانہ بھی بنایا گیا۔ وہ ویڈیو دراصل ایک برانڈ کی جانب سے بنائی گئی تھی تاہم اب مذکورہ برانڈ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق برانڈ کے پیج سے اس ویڈیو کو ڈیلیٹ کر دیا گیا ہے۔

برانڈ نے اپنے بیان میں وجہ بتائی کہ ویڈیو کو رقص کرتی لڑکیوں کی سکیورٹی اور ان کو موصول ہونے والی دھمکیوں کے پیش نظر ڈیلیٹ کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

بیان میں کہا گیا کہ انارکلی میں موجود افراد کو بھی ان لڑکیوں کے رقص پر اتنا اعتراض نہیں تھا جتنا سائبر بُلیز (Bullies) کو ہے۔ کمپنی کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا کہ ابتدائی طور پر لڑکیوں کے اہل خانہ بھی اس پراجیکٹ سے خوش تھے لیکن سوشل میڈیا اور انٹرنیٹ پر آنے والے کمنٹس اور دھمکیوں کے بعد ان میں بھی خوف کی ایک لہر دوڑ گئی ہے جس کے باعث ویڈیو کو ڈیلیٹ کر دیا گیا ہے۔