سردار علی شاہنواز خان کی طارق فاطمی سے ملاقات‘مسئلہ کشمیر کے حوالے سے کی گئی کاوشوں سے آگاہ کیا

جمعرات 8 ستمبر 2016 11:57

اوسلو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔08 ستمبر۔2016ء) کشمیری سکنیڈ نیوین کونسل کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر سردار علی شاہنواز خان نے وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے امور خارجہ طارق فاطمی سے ملاقات کی اور انہیں یورپ میں مسئلہ کشمیر کے حوالے سے کی گئی کاشوں سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستانی پارلیمنٹ سے کہیں زیادہ نارویجن پارلیمنٹ میں مسئلہ کشمیر پر بحث کرائی جا چکی ہے ، طارق فاطمی نے مسئلہ کشمیر کو دنیا میں اجاگر کرنے سے متعلق کشمیری سکنیڈ نیوین کونسل کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے سردار علی شاہنوازخان سے تجاویز طلب کرتے ہوئے انہیں مشاورت کے لئے دورہ پاکستان کی دعوت دے دی ،بدھ کواوسلو میں ہونے والی اس ملاقات میں ناروے میں پاکستانی سفیر رفعت محمود بھی موجود تھیں ، ملاقات میں مسئلہ کشمیر پر تفصیلی گفتگو کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ، سردار علی شاہنواز خان نے وزیر اعظم پاکستان کے معاون خصوصی کو کشمیری سکنیڈ نیوین کونسل کی طرف سے مسئلہ کشمیر اور بالخصوص مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف وزریوں کو دنیا کے سامنے رکھنے کے لئے کئے گئے اقدامات سے آگاہ کیا اور انہیں بتایا کہ نارویجن پارلیمنٹ نے مسئلہ کشمیر کو پاکستان کی پارلیمنٹ سے کہیں زیادہ بحث کی ، سردار علی شاہنواز خان نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ اگر وہ مسئلہ کشمیر کو دنیا میں اجاگر کرنے میں سنجیدہ ہے تو اسے سب سے پہلے کشمیر کمیٹی کے چےئر مین کو تبدیل کر نا ہوگا کیونکہ کشمیر کوئی مذہبی مسئلہ نہیں کہ اس کے لئے مذہبی شخصیت کو آگے لایا جائے ، انہوں نے کہا کہ پاکستان کی وزارت خارجہ کو محض رد عمل کی پالیسی تبدیل کرتے ہوئے کشمیر کے حوالے سے جامع پالیسی اپنانا ہو گی اوروزارت خارجہ میں اس حوالے سے قائم ڈیسک میں اصلاحات لانا ہونگی ۔