واحد ٹی ٹونٹی ،سرفراز الیون نے پاکستان کو ”سرفراز“کردیا، 9وکٹوں سے فتحیاب

جمعرات 8 ستمبر 2016 01:15

واحد ٹی ٹونٹی ،سرفراز الیون نے پاکستان کو ”سرفراز“کردیا، 9وکٹوں سے ..

مانچسٹر(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار7 ستمبر۔2016ء ) واحد ٹی ٹونٹی میچ میں سرفراز الیون نے پاکستان کو ”سرفراز “کردیا ،میزبان ٹیم کو 9وکٹوں سے شکست دیکر ٹرافی اپنے نام کرلی ۔ اولڈ ٹریفورڈ گراؤنڈ کھیلے جارہے میچ میں انگلش کپتان این مورگن نے جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ الیکس ہیلز اور جیسن روئے نے ٹیم کو 6 اوورز میں 56 رنز کا جارحانہ آغاز فراہم کیا تاہم عماد وسیم نے جیسن روئے کو 21 رنز پر پویلین بھیجا اور پھر اپنے اگلے ہی اوور کی پہلی گیند پرایلکس ہیلز کو 37 رنز پر آؤٹ کیا۔

جو روٹ اگلے ہی اوور کی پہلی گیند پر 6 رنز بناکر شعیب ملک کو کیچ دے بیٹھے ۔قومی باؤلرز کی نپی تلی بولنگ کی وجہ سے انگلش بیٹسمن زیادہ کھل کر جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ نہ کرسکے ، جوز بٹلر 16، کپتان این مورگن 14، بین سٹوکس 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ۔

(جاری ہے)

پاکستان کی جانب سے وہاب ریاض نے 3 جب کہ عماد وسیم اور حسن علی نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔136رنز کے ہدف کے تعاقب میں شرجیل خان اور خالد لطیف نے اننگز کا آغاز کیا اور انگلش باؤلروں کا مار مار کر بھرکس نکال دیا۔

قومی اوپننگ جوڑی نے پہلی وکٹ پر107 رنز جوڑے ، شرجیل خان نے 30 گیندوں پر 3 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے اپنی نصف سنچری مکمل کی ، ٹیم کا مجموعی سکور 107 تک پہنچا تو وہ 59 رنز بنا کر عادل رشید کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے ۔ شرجیل کے آؤٹ ہونے کے بعد بابراعظم خالد لطیف کے ہمراہ انگلینڈ کو مزید کسی وکٹ سے محروم رکھتے ہوئے پاکستان کو فتح دلا دی۔خالد لطیف 59اور بابر اعظم 15رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

اس سے قبل ٹاس جیتنے کے بعد کپتان این مورگن کاکہنا تھا کہ پاکستانی ٹیم اچھاکھیل رہی ہے اس لیے آج کا میچ آسان نہیں ہوگا۔ پاکستانی کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ وہ بھی ٹاس جیت کربیٹنگ کو ہی ترجیح دیتے،یہ میچ جیت کر دورے کا عمدہ اختتام کرنا چاہتے ہیں۔قومی ٹیم شرجیل خان ، بابر اعظم ، خالد لطیف،شعیب ملک ، وہاب ریاض ، سہیل تنویر ،سرفراز احمد،محمد رضوان ،عماد وسیم اور وہاب ریاض شامل ہیں۔یہ سرفراز احمد کا بطور کپتان پہلے ٹی ٹونٹی ہے جس میں وہ ٹاس جیتنے میں ناکام رہے ہیں ۔