نادراآفس کامونکے شہرسے دوکلومیٹردوری پرمنتقل ہوگیا

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 6 ستمبر 2016 19:27

کامونکے(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔آئی پی اے۔06 ستمبر2016ء) :نادراآفس کامونکے شہرسے دوکلومیٹردوری پر منتقل ہوگیا،دوکلو میٹر کی مسافت طے کرکے جانا خواتین اور بوڑھوں کے لئے عذاب بن گیا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق کامونکے میں نادراآفس جی ٹی روڈ تحصیل آفس کے قریب بنایاگیا تھا مگر عملہ اور جگہ کم ہونے کے ساتھ ساتھ لاکھوں کی آبادی کے لئے ایک ہی آفس اور ٹوکن دینے کے لئے ایک ہی ملازم کی ڈیوٹی تھی جس کی وجہ سے سارا سارا دن شدید دھوپ میں قطاروں میں کھڑا رہنے سے سائلین کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا تھا ،جبکہ اس سلسلہ میں میڈیاکے پلیٹ فارم پر بھر پور طریقہ سے اس مسئلے کو اجاگرکیاگیا جس پر رکن قومی اسمبلی رانا عمر نذیراحمد خاں اور سابق وفاقی وزیررانانذیراحمدخاں نے خصوصی دلچسپی لیتے ہوئے چےئرمین نادرا سے ملاقات کے دوران اس اہم مسئلے پر توجہ دلاتے ہوئے نادرارجسٹریشن سنٹر کی منتقلی منظور کروالی اور اب نادراآفس شہر سے تقریبا دوکلو میٹر دور فاصلے پر واقع مدنی ہوٹل کے سامنے منتقل ہوگیا ہے جہاں پر سنٹر کے لئے وسیع جگہ کا انتظام تو کرلیاگیا ہے مگر اتنی دور کی مسافت طے کرکے جانیوالے سائلین باالخصوص خواتین اور بوڑھوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے ،شہریوں کا کہناہے کہ اگر یہی آفس شہر میں ہی کسی وسیع جگہ پر منتقل کردیاجاتا تو ہمیں شناختی کارڈ وغیرہ بنوانے کے حصول کے لئے سہولیات میسر ہوجاناتھیں ،جبکہ اس حوالہ سے سابق وفاقی وزیررانا نذیراحمدخاں نے بتایا کہ اب نادراآفس میں پہلے سے ڈبل عملہ ہوجائے گا اور جتنے شناختی کارڈ سابقہ آفس میں بنتے تھے اب اس سے ڈبل بنیں گے جبکہ وسیع جگہ ہونے کی وجہ سے سائلین کو کسی قسم کی پریشانی بھی نہیں ہوگی اور انشاء اللہ ایک ہفتے کے اندر اندر قطاریں لگنے کا سلسلہ بھی ختم ہوجائے گا، شہر سے باہر منتقلی کے سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ اتنی جگہ شہر میں نہیں مل رہی تھی اس لئے شہر سے باہر منتقل کرنا پڑا تاہم جگہ کی تلاش میں ہیں جونہی شہر میں اتنی مناسب جگہ ملی ہم آفس وہاں شفٹ کرلیں گے۔

متعلقہ عنوان :