بنگلہ دیش حکومت پاکستان کے حامیوں کو چُن چُن کرپھانسیوں پر لٹکا ر ہی ہے ، جتنی مذمت کی جائے کم ہے،سندھ نیشنل فرنٹ

پاکستان میں آج بھی ملک دشمن عناصر اور غدارجو ملک توڑنے کی باتیں کررہے ہیں ، حکمرانوں کی طرف سے ان کے خلاف کسی قسم کی کاروائی نہ کرنا اس سے بھی بڑی غداری ہے،محمد انور گجر

اتوار 4 ستمبر 2016 17:40

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 4 ستمبر - 2016ء) سندھ نیشنل فرنٹ کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل (اطلاعات) محمد انور گجر کراچی ڈویژن کے کو آرڈینٹر رزاق باجوہ اپنے ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ بنگلہ دیش حکومت 1971میں پاکستان کی حمایت کرنے والی تحریک میں شامل افراد کو چُن چُن کرپھانسیوں پر لٹکا رہے ہیں جو کہ محب وطن پاکستانیوں کیلئے افسوس ناک بات ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے لیکن پاکستان میں آج بھی ملک دشمن عناصر اور غدارجو ملک توڑنے کی باتیں کررہے ہیں اور ثبوتوں کے ساتھ وہ مکمل طور بھارتی ”را“ ایجنسی کے لئے کام کررہے ہیں ، حکمرانوں کی طرف سے ان کے خلاف کسی قسم کی کاروائی نہ کرنا اس سے بھی بڑی غداری ہے حکمران انہیں بچانے کی جتنی بھی کوششیں کرلیں لیکن پاکستان کی غیر مند عوام ملک کی سلامتی پر کسی بھی قسم کی کوئی آنچ برداشت نہیں کرینگے ، انور گجر ،رزاق باجوہ نے کہا کہ نواز شریف صرف متحدہ قائد کے ہی نہیں بلکہ زرداری کے بھی سہولت کار ہیں نواز شریف نے ملک و قوم کی لوٹی ہوئی دولت کا احتساب کرنے کیلئے نا صرف زرداری کو بچایا بلکہ ان کو ملک سے فرار کروایا، حالانکہ میاں برادران نے 2013کے انتخابات سے قبل ان علی بابا چوروں کوسڑکوں پر گھسیٹنے اور اُلٹا لٹکا کر پائی پائی وصول کرنے کے نام پر اقتدار حاصل کیا اور اقتدار میں آنے کے بعد بھائی بھائی بن کرایک دوسرے کو تحفظ دے رہے ہیں اورصوبوں میں اپنی اپنی ریاستیں اور اجارہ داری قائم کررکھی ہے، سندھ مکمل طور پر زرداری کے حوالے کرکے نواز شریف یہاں سے لاتعلق ہوگئے ہیں نواز شریف صر ف پنجاب کے ہی وزیر اعظم بنے ہوئے ہیں جنہیں سندھ میں مداخلت کرنے کی کوئی جرات نہیں ہے بلکہ صرف یہی نہیں نواز شریف نے اپنی پارٹی (ن) لیگ سندھ کو بھی زرداری پر قربان کردیا ہے ، نوازشریف نے سندھ میں (ن )لیگ کے چند نام نہاد عہدیداراپنے کراچی آنے پرصرف ا ستقبال کیلئے رکھے ہوئے ہیں جن کا اور کوئی کام نہیں ہے،انور گجر ، رزاق باجوہ نے مزید کہا کہ سندھ کی اعلی عدلیہ نے بھی پیپلز پارٹی کی کرپشن پر سر پکڑ لیا ہے حقیقت تو یہ ہے کہ پیپلز پارٹی وہ ڈائن ہے جس نے اپنے قائد شہید بے نظیر بھٹو کو بھی نہیں بخشا پیپلز پارٹی پانچ سال با اختیار اقتدار میں رہنے کے باوجودان کے قاتلوں کو کیوں گرفتار نہیں کرسکے ؟ حقیقت تو یہ ہے کہ موجودہ پیپلز پارٹی شہید ذوالفقار علی بھٹو اور بے نظیر کی پارٹی نہیں بلکہ یہ ان کے دشمنوں اور قاتلوں کا ٹولہ ہے جن کے ہاتھ بھٹو خاندان کے خون سے کندھوں تک رنگے ہوئے ہیں اور آج بھی زرداری ٹولے نے بھٹو خاندان کوان کا نام استعمال کرکے صرف ایک منافع بخش کاروبار بنایا ہوا ہے ۔