آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے فارنرز رجسٹریشن آفس اسپیشل برانچ کا افتتاح کردیا

اتوار 4 ستمبر 2016 17:40

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 4 ستمبر - 2016ء) آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے فارنرز رجسٹریشن آفس اسپیشل برانچ کا افتتاح کیا اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی اسپیشل برانچ ڈاکٹر ثناُاللہ عباسی,ایس ایس پی اسپیشل برانچ سیکیورٹی جاوید اکبر ریاض و احمد یار چوہان سمیت دیگر پولیس افسران بھی موجود تھے ۔آئی جی سندھ نے مذکورہ سیل کے جملہ امور پر بعد از بریفنگ ہدایات دیں کہ غیر ملکی مندوبین, مہمانوں و دیگر کی پاکستان میں آمد کے حوالے سے اسپانسرز کے جملہ کوائف کا تصدیق شدہ ریکارڈ لازماّ محفوظ کیا جائے جبکہ غیر ملکیوں کی آمد کے بعد مقررہ وقت میں انکی رجسٹریش اور اس حوالے سے درکار تمام دستاویزات کو بھی ریکارڈ کا حصہ بنایا جائے۔

انہوں نے ہدایات دیں کہ غیر ملکیوں کی آمد انکے ملک میں جائے قیام ویزہ کی مدت اور روانگی سمیت انھیں اسپانسر کرنیوالے شہریوں /اداروں /کمپنیز و دیگر کا مکمل ڈیٹا مذکورہ سیل میں محفوظ رکھنے کے لیے نادرا سے لنک پر مشتمل سافٹ ویئر تیار کیا جائے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اسپانسر کے کوائف کی تصدیق کے لیے بائیو میٹرک سہولیات سے بھی استفادہ کے تمام تر اقدامات کو یقینی بنایا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ تربیت یافتہ عملے کو مذکورہ سیل میں ذمہ داریاں تفویض کی جائیں اور اس حوالے سے درکار ضروری امور پر مشتمل تفصیلی سفارشات برائے ملاحظہ ارسال کی جائیں۔انہوں نے کہا کہ فارنز رجسٹریشن آفس کے جملہ امور کو ہر لحاظ سے جدید اور دور حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے تمام تر اقدامات اٹھائے جائیں اس موقع پر آئی جی سندھ نے مذکورہ آفس کے لیے پچاس لاکھ روپئے جاری کرتے ہوئے کہا کہ مذید درکار وسائل کے حوالے سے جامع سفارشات ارسال کی جائیں تاکہ فارنرز رجسٹریشن آفس کے مجموعی امور کو غیر معمولی بنایا جاسکے ۔

متعلقہ عنوان :