عوام نے دھرنوں اور انتشار کی سیاست کو مسترد کر دیا، وزیراعلیٰ بلوچستان

لاکھوں لوگوں کو اکٹھا کرنے کے دعویدار چند ہزار افراد کو بھی جمع نہ کر سکے، ثناء اللہ زہری

اتوار 4 ستمبر 2016 17:35

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 4 ستمبر - 2016ء) وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہا ہے کہ عوام نے دھرنوں اور انتشار کی سیاست کو مسترد کردیا ہے ۔ لاکھوں لوگوں کو اکٹھا کرنے کے دعویدار چند ہزار افراد کو بھی جمع نہ کرسکے ۔

(جاری ہے)

عمران خان اور طاہر القادری ابھی تک عوام کے مزاج کو سمجھ نہیں سکے ہیں جنہوں نے دھرنوں میں کھل کر عدم دلچسپی کا اظہار کیا ہے اپنے ایک بیان میں وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ لاہور اور پنڈی جیسے بڑے شہروں میں بھی مختلف سیاسی جماعتیں مل کر بھی چند ہزار سے زیادہ لوگوں کو باہر نہ لاسکیں جو ان سیاسی جماعتوں پرقوم کے عدم اعتماد اور وزیراعظم محمد نواز شریف کی پالیسیوں پربھرپور اعتماد کا اظہار ہے وزیراعلیٰ نے کہا کہ عمران خان نے پے در پے شکستوں کے بعد بھی ابھی تک سبق نہیں سیکھا ہے انہیں ہوش کے ناخن لینے چاہئیں اور ترقی کے عمل میں رکاوٹ بننے کی بجائے آئندہ الیکشن کا انتظار کرناچاہئے یہ فیصلہ عوام ہی کریں گے کہ انہیں وہ لیڈر شپ چاہئے جو عوام درد رکھتی ہے یا وہ قیادت جو دھرنوں اور ریلیوں کے ذریعے منفی سیاست کرکے عوام کے مسائل میں اضافہ کرنا چاہتی ہے ۔