پنجاب کے کاشتکاروں کو50 لاکھ سمارٹ فون مفت فراہم کیے جائیں گے ‘ ڈاکٹر عمر سیف کی وضاحت

یہ سمارٹ فون پنجاب کے 50لاکھ کسانوں کے لئے وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف کی جانب سے تحفہ ہو گاجو تاریخی کسان پیکج کے تحت زرعی قرضوں کی فوری فراہمی کے لئے استعمال ہو ں گے

اتوار 4 ستمبر 2016 16:42

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 4 ستمبر - 2016ء) پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے چیئرمین ڈاکٹر عمر سیف نے میڈیا میں آنے والی بعض خبروں کی وضاحت کرتے کہا ہے کہ پنجاب کے کاشتکاروں میں 50 سے 60لاکھ سمارٹ فون مکمل طور پر مفت تقسیم کیے جائیں گے اور یہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی جانب سے تحفہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ یہ سمارٹ فون پنجاب کے تاریخی کسان پیکج کے تحت دیے جانے والے سالانہ100ارب روپے کے بلا سود قرضوں کی فور ی اور شفاف تقسیم کے لئے دیے جا رہے ہیں اور ان کی تقسیم انشا اللہ اسی سال اکتوبر میں شروع ہو جائے گی۔

ڈاکٹر عمر سیف نے کہا کہ یہ منصوبہ پانچ سال پر محیط ہے اورپہلے سال5لاکھ کسانوں کو سمارٹ فون دیے جانے کا پروگرام ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر سمارٹ فون میں پی آئی ٹی بی کی وضع کردہ ایپلی کیشن اردو زبان میں انسٹال ہو گی جس کا استعمال نہائت آسان ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس ایپلی کیشن کے ذریعے کسان گھر بیٹھے شعبہء زراعت کے اعلیٰ ماہرین سے رابطہ کرسکیں گے اور فصلوں کی بہتر کاشت ، برداشت وزیادہ پیداوار کے لئے مفید مشورے لے سکیں گے جبکہ انہیں موسم، فصلوں کی بیماریوں، ان کے علاج اور کھاد و ادویات کے بروقت استعمال بارے الرٹ بھی موصول ہو ں گے۔

ڈاکٹر عمر سیف نے کہا کہ قبل ازیں کسانوں کو آسان زرعی قرضوں کے حصول میں کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا لیکن سمارٹ فون کے ذریعے بینک کے ایجنٹ اورپٹواری کا کردار زیادہ تر ختم ہو جائے گا۔ اسی طرح قرضے کا حصول آسان ہونے کے ساتھ ساتھ محکمانہ کرپشن کا خاتمہ بھی ہو جائے گا۔