ملک کو اس وقت سیاسی استحکام اور بہترین اقتصادی پالیسی کی اشد ضرورت ہے ‘شیخ محمد ارشد

سیاسی جماعتیں لاہورچیمبرودیگر تجارتی تنظیموں کے ساتھ مشاورت کا آغاز کریں معاشی ترقی کے اہداف جلد حاصل کیے جاسکیں

اتوار 4 ستمبر 2016 16:41

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 4 ستمبر - 2016ء) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ محمد ارشد نے تمام سیاسی جماعتوں پر زور دیا ہے کہ وہ سب سے پہلے ملکی مفادات کو مدنظر رکھیں اور اپنے سیاسی اختلافات پس پشت ڈال کرلیے نجی شعبے کے اشتراک سے ملکی ترقی و خوشحالی کے لیے کام کریں۔ ایک بیان میں لاہور چیمبر کے صدر نے کہا کہ سیاسی عدم استحکام کی وجہ سے ملک کو ناقابلِ تلافی نقصان ہورہا ہے۔

ملک اس وقت تاریخ کے ایک نازک موڑ پر کھڑا ہے، اسے سیاسی استحکام اور بہترین اقتصادی پالیسی کی اشد ضرورت ہے جو سیاسی جماعتوں کے بہترین کردار کے بغیر ممکن نہیں۔ انہوں نے پالیسیوں کے استحکام اور اداروں کے استحکام کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تمام سیاستدانوں کو مل بیٹھ کر ایک مشترکہ معاشی ایجنڈا تیار کرنا چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتیں مزید کسی تاخیر کے بغیر چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور دیگر تجارتی تنظیموں کے ساتھ مشاورت کا آغاز کریں تاکہ معاشی ترقی کے اہداف جلد حاصل کیے جاسکیں۔

حکومت کو چاہیے کہ غیرملکی قرضوں پر انحصار کم کرے اور ملکی برآمدات کو فروغ دینے کے لیے جامع حکمت عملی مرتب کرے۔ انہوں نے کہا کہ بے روزگاری معاشرتی برائیوں کی جڑ ہے لہذا اس پر قابو پانے کے لیے ضروری ہے کہ حکومت نجی شعبے کو زیادہ سے زیادہ سہولیات دے۔ انہوں نے کہا کہ توانائی کے بحران نے صنعتی شعبے کو بُری طرح نقصان پہنچایا ہے جس پر قابو پانے کے لیے سستے ذرائع سے بجلی کی پیداوار بڑھانا ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کالاباغ ڈیم تعمیر کرنے کے لیے چاروں صوبوں میں اتفاق رائے پیدا کرے تاکہ وافر سستی بجلی پیدا کی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو کوئلے اورمتبادل ذرائع سے بھی بجلی کی پیداوار بڑھانی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت مقامی سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی کرے اور انہیں سہولیات دے جس سے غیرملکی سرمایہ کار بھی سرمایہ کاری کی جانب راغب ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ ملک تمام وسائل اور معدنیات سے مالامال ہے۔ اگر باقاعدہ منصوبہ بندی کی جائے تو ان سے فائدہ اٹھاکر ملک کو معاشی طور پر مضبوط کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ مسائل بڑھتے جارہے ہیں جن سے نمٹنے کے لیے ضروری ہے کہ سیاسی جماعتیں اپنا بہترین کردار ادا کریں۔

متعلقہ عنوان :