Live Updates

پی ٹی آئی کی تاریخی ریلی صرف ٹریلر تھی ،حکمرانوں کے اوسان ابھی سے خطاہو گئے ‘عبدالعلیم خان

پھر ثابت ہو گیا کہ لاہور عمران خان کا گھر اور پی ٹی آئی کا گڑھ ہے ،آئندہ الیکشن میں بلا چلے گا‘صدر پی ٹی آئی سنٹرل پنجاب

اتوار 4 ستمبر 2016 16:09

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 4 ستمبر - 2016ء ) )تحریک انصاف سنٹرل پنجا ب کے صدر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی تاریخی ریلی صرف ایک ٹریلر تھی اصل فلم اُس وقت سامنے آئے گی جب عمران خان زندہ دلان لاہور کو رائیونڈ کیلئے کال دیں گے ،حکمرانوں کے اوسان اس تاریخی ریلی نے ابھی سے ہی خطا کر دیے اسی لیے حکومتی درباریوں اور وزارت کے بھکاریوں نے ریلی ختم ہوتے ہی منفی پراپیگنڈہ شروع کر دیا۔

عبدالعلیم خان نے کہا کہ دانیال ،طلال اور اس طرح کے دھمال ڈالنے والے خاطر جمع رکھیں انہیں گذشتہ ساڑھے 3برسوں میں وزارت کے ٹرک کی بتی کے پیچھے لگا کر عمران خان اور اُن کے ساتھیوں کے خلاف پراپیگنڈہ کی جو ذمہ داری سونپی گئی ہے وہ اسی تنخواہ پر کام کرتے ہوئے نامرادہی رہیں گے اور انہیں میاں صاحب کبھی بھی وزارت کی بھیک نہیں دیں گے ۔

(جاری ہے)

عبدالعلیم خان نے 3ستمبر کی ریلی میں نوجوانوں اور یوتھ کی بڑی تعداد میں شامل ہونے کو سراہتے ہوئے کہا کہ احتجاجی ریلی میں زندگی کے ہر شعبے سے لوگوں نے والہانہ شرکت کر کے نواز لیگ کا بینڈ بجا دیا ہے انہوں نے سنٹرل پنجاب کے مختلف اضلاع سے نمائندگی کرنے والوں کا شکریہ ادا کیا ۔

پی ٹی آئی کے ایم پی اے شعیب صدیقی نے کامیاب ریلی کے انعقاد پر کہا کہ ایک بار پھر ثابت ہوگیا ہے کہ لاہور عمران خان کا گھر اور پی ٹی آئی کا گڑھ ہے جب بھی آزادانہ اور شفاف انتخابات منعقد ہوئے انشاء اللہ جیت تحریک انصاف کی ہی ہو گی ۔شعیب صدیقی نے این اے122اور پی پی147سے ریلی میں شامل ہونے والے پارٹی کارکنوں کے اعزاز میں منعقد ہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکمرانو ں کے احتساب کیلئے سڑکوں پر نکلنے والے عوام اب اپنا حق لے کر رہیں گے اور پانامہ لیکس کا مکمل طور پر حساب دینا ہو گا ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت اپنی خفت مٹانے کیلئے پی ٹی آئی کے اُن رہنماوٴں کو بھی ایف بی آر کے نوٹس بھجوانا چاہتی ہے جن کا نام پانامہ لیکس میں ہے ہی نہیں ۔شعیب صدیقی نے کہا کہ اب دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو کر رہے گا اور حکمرانوں کو سرکاری خزانے کی ایک ایک پائی واپس کرنا ہو گی ۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات