Live Updates

ترقیاتی کاموں میں شفافیت اور میرٹ کی بالادستی تحریک انصاف کی پہچان بن چکی ہے، محمو دخان

بدقسمتی سے ماضی میں کسی بھی حکمران جماعت نے اس خطے کی ترقی اور عوامی مسائل کے حل پر توجہ نہیں دی،وزیرکھیل وثقافت خیبرپختونخوا

اتوار 4 ستمبر 2016 16:08

پشاور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 4 ستمبر - 2016ء) خیبر پختونخوا کے وزیر کھیل ، ثقافت ، آثار قدیمہ و امور نوجوانان محمود خان نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نے مخالف سیاسی قوتوں کی ہر کوسازش ناکام بنا یا ہے اور صوبے کی تعمیر و ترقی اور امن کی بحالی کے لئے انقلابی اقدامات اٹھائے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کی صاف ستھری سیاست کو تقویت ملی اور صوبے میں تبدیلی کی علامت بنی ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحصیل مٹہ سوات کے مختلف مضافات گام سیر اور روڑینگار میں شمولیتی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کی جنرل سیکرٹری یونین کونسل برتھانہ کے بخت زمین ، عبدالوھاب ، ولی محمد ، سید باچا ، مومن خان ، گل بر اور پی پی پی تحصیل مٹہ کے نائب صدر بخت زادہ ، مولوی محمد عالم اور روڑینگار سے اے این پی کے محمد اجمل خان ، گوہر علی ، حماد خان اور عظیم علی نے اپنے خاندانوں اور سینکڑوں ساتھیوں سمیت اپنے اپنے سیاسی پارٹیوں سے مستعفی ہو کر پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کی ۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر محمو د خان نے نئے شامل ہونے والے کارکنوں کی پی ٹی آئی میں شمولیت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں اس دانشمندانہ فیصلے پرمبارکباد دی اور امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ان کی شمولیت سے علاقے میں پی ٹی آئی مزید مضبوط ہو گی اور عوام کی خدمت بہتر طریقے سے ہو سکے گی ۔انہو ں نے کہا کہ الله تعالیٰ نے خطے کو تمام وسائل سے مالا مال کیا ہوا ہے اور یہاں کسی چیز کی کمی نہیں لیکن بدقسمتی سے ماضی میں کسی بھی حکمران جماعت نے اس خطے کی ترقی اور عوامی مسائل کے حل پر توجہ نہیں دی تھی اس لئے یہ علاقہ دوسرے علاقوں کی نسبت پسماندہ رہ گیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت نے اس علاقے کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے لئے ترقیاتی کام کئے اور برسوں سے محرومیوں کے شکار لوگوں کا ازالہ اورپی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان اور صوبائی نمائندوں پر عوام کے اعتماد کا اظہار ہے جس میں روزبروز اضافہ ہورہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے عوام سے جو وعدے کئے تھے ان سب کو عملی جامہ پہنا دیا گیا ہے ۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ ترقیاتی کاموں میں شفافیت اور میرٹ کی بالادستی پاکستان تحریک انصاف کی پہچان بن چکی ہے۔ انہوں نے عوام کو یقین دلایا کہ حلقہ پی کے 84مٹہ سوات میں جدید سہولتوں سے محروم علاقوں کو صحت ، تعلیم ، پانی ، بجلی اور ذرائع آمدورفت کی سہولتیں فراہم کرنے میں کوئی کوتاہی نہیں ہونے دیں گے ۔ وزیر موصوف نے عوام سے اپیل کی کہ وہ باہمی اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کرتے ہوئے موجودہ صوبائی کی عوامی فلاح و بہبود کی پالیسیوں کو کامیابی سے ہمکنار کرنے میں اپنا تعاون جاری رکھیں۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات