نیشنل فنانس کمیشن ورکنگ گروپس ڈسکشن سیشن ( پیر اور منگل) لاہور میں منعقد ہوگا

پہلے سیشن میں پنجاب اور سندھ کی رپورٹ پر بحث ہوگی ، دوسرے سیشن میں خیبرپختونخوا ہ اپنی رپورٹ پیش کریگا

اتوار 4 ستمبر 2016 15:32

لاہور( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 4 ستمبر - 2016ء ) نیشنل فنانس کمیشن ورکنگ گروپس ڈسکشن سیشن ( پیر اور منگل) لاہور میں منعقد ہوگا۔ اجلاس میں پنجاب کی وزیر خزانہ ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا ،سندھ سے وزیرخزانہ و وزیراعلی سید مراد علی شاہ ، خیبرپختونخوا ہ سے سید مظفر صید، بلوچستان سے ممبر این ایف سی ڈاکٹر قیصر بنگالی اورچاروں صوبوں کے سیکرٹریز خزانہ شریک ہوں گے ۔

(جاری ہے)

پنجاب نے نویں این ایف سی ایوارڈ کیلئے تشکیل دیئے گئے پہلے ورکنگ گروپ برائے ریسورس موبلائزیشن کی مرتب کردہ رپورٹ کو حتمی شکل دیدی ہے ۔نویں این ایف سی ایوارڈ سے متعلق 22اگست کو اسلام آباد میں منعقد ہونے والے اجلاس میں پنجاب سے یہ درخواست کی گئی تھی کہ پہلے، دوسرے اورتیسرے ورکنگ گروپس کی جانب سے صوبائی و وفاقی سطح پر بالترتیب تیار کردہ ریسورس موبلائزیشن ، ٹیکس سٹرکچر اوراخراجات کے تخمینے کی رپورٹس کو حتمی شکل دینے کے لئے اجلاس لاہور میں منعقد کروایا جائے۔ پہلے سیشن میں پنجاب اور سندھ کی رپورٹ پر بحث ہوگی اور دوسرے سیشن میں خیبرپختونخوا ہ اپنی رپورٹ پیش کرے گا۔