شریف برادران دو دن جیل گئے تو رونے لگے تھے، مولا بخش چانڈیو

جو کہتے ہیں کہ پیپلز پارٹی ختم ہوگئی ہے وہ خیرپور اور سکھر آکر دیکھیں، ہمارا پرانا جاہ و جلال عنقریب دکھائی دے گا، 2018 کے انتخابات میں پیپلز پارٹی حکومت بنائے گی، مسلم لیگ (ن) کے وزراء اندھے اور بہرے ہیں، وہ جمہوریت اور پیپلز پارٹی کے دشمن ہیں، تجزیہ نگار فرمائشی اسکرپٹ لکھنا چھوڑ دیں، ہمیں پتہ ہے وہ کس کے لیے اسکرپٹ لکھتے ہیں مشیر اطلاعات سندھ مولا بخش چانڈیوکا خیرپور میں پیپلزپارٹی کے کارکنوں سے خطاب

اتوار 4 ستمبر 2016 14:25

شریف برادران دو دن جیل گئے تو رونے لگے تھے، مولا بخش چانڈیو

خیرپور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 4 ستمبر - 2016ء ) مشیر اطلاعات سندھ مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ ملک کے لئے ہماری جان بھی حاضر ہے لیکن نواز شریف اور شہباز شریف دو دن کے لیے جیل گئے تو رونے لگے تھے۔ خیرپور میں پیپلزپارٹی کے کارکنوں سے خطاب کے دوران مشیراطلاعات سندھ نے کہا کہ کچھ بیوقوف لوگ کہتے ہیں کہ پیپلز پارٹی علاقائی جماعت ہے، پیپلز پارٹی وفاق اور غریبوں کے لیے ضروری ہے، پیپلز پارٹی کا کوئی نعم البدل نہیں ہے، جو کہتے ہیں کہ پیپلز پارٹی ختم ہوگئی ہے وہ خیرپور اور سکھر آکر دیکھیں، ہمارا پرانا جاہ و جلال عنقریب دکھائی دے گا۔

2018 کے انتخابات میں پیپلز پارٹی حکومت بنائے گی۔ مشیر اطلاعات سندھ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے وزراء اندھے اور بہرے ہیں، وہ جمہوریت اور پیپلز پارٹی کے دشمن ہیں، پیپلز پارٹی پاکستان کی محافظ ہے، ملک کے لئے ہماری جان بھی حاضر ہے، پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے ضیاء دور میں جیلیں کاٹیں اور انہیں شہادتیں نصیب ہوئیں لیکن نواز شریف اور شہباز شریف دو دن کے لیے جیل گئے تو رونے لگے۔

(جاری ہے)

تجزیہ نگار فرمائشی اسکرپٹ لکھنا چھوڑ دیں۔ ہمیں پتہ ہے وہ کس کے لیے اسکرپٹ لکھتے ہیں۔ پیپلزپارٹی اقتدار میں آئی تو سارے اسکرپٹ ہوا میں اڑ جائیں گے۔ بلاول انداز گفتگو اور اطوار میں اپنے نانا جیسے ہیں،وہ پیپلز پارٹی کی تنظیم نو کرکے پورے ملک کے دورے کریں گے، جلد ہی جمہوریت کے دشمنوں کی نیندیں حرام ہوجائیں گی۔