چھ ماہ کیلئے جیل جانے کا ذہن بنالیا تھا، یوسف رضا گیلانی

سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے غیر آئینی طور پر نااہل قرار دیا،سابق وزیراعظم

اتوار 4 ستمبر 2016 13:33

ملتان(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 4 ستمبر - 2016ء) سابق وزیر اعظم پاکستان یوسف رضا گیلانی کا کہنا ہے کہ انہیں سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے غیر آئینی طور پر نااہل قرار دیا، عدالت میں 6 ماہ کیلئے جیل جانے کا ذہن بناکر آیا تھا۔پاکستان پیپلز پارٹی کے زیر اہتمام لائرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ توہین عدالت کی سزا چھ ماہ قید ہے لیکن انہیں چھ سیکنڈ کی سزا دے کر نااہل قرار دے دیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ 'جب میں عدالت پہنچا تو یہ ذہن بناچکا تھا کہ اگر مجھے توہین عدالت پر سزا ہوگئی تو 6 ماہ کیلئے جیل چلا جاوٴں گا'۔انہوں نے کہا کہ جب کراچی کا میئر جیل میں ہوتے ہوئے بھی عہدے پر برقرار رہ سکتا ہے تو وزیر اعظم بھی جیل میں ہونے کے باوجود عہدے پر رہ سکتا ہے۔

(جاری ہے)

یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ 'ہم نے اپنے دور میں میثاق جمہوریت پر عمل کیا اور سابق صدر آصف علی زرداری نے تمام اختیارات منتخب وزیر اعظم کو منتقل کیے'۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کو اختیارات کی منتقلی سے جمہوریت اور ادارے دونوں مضبوط ہوئے، پیپلز پارٹی نے اداروں کا احترام کیا اور انہیں مستحکم کیا، ساتھ ہی ہم نے کشمیر کے مسئلے کو بھی اجاگر کیا۔ان کا کہنا تھا کہ کشمیر میں ہندوستانی مداخلت ختم ہونی چاہیے اور ہم کشمیر میں ہونے والے مظالم کی مذمت کرتے ہیں۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی کے رہنما مخدوم احمد محمود نے کہا کہ عمران خان کو دھرنے دینے کے بجائے پارلیمنٹ میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔قبل ازیں مقررین اور مہمانوں کیلئے تیار کیا گیا اسٹیج سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کی آمد سے چند لمحے قبل گرکیا اور وہ بال بال بچنے میں کامیاب رہے