ملک بھر میں امن دشمنوں کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی گئیں

چمن، ڈیرہ بگٹی، صوابی اور دیگر علاقوں میں سیکیورٹی اداروں کی کامیاب کارروائیاں،چمن سے تین مشتبہ افراد گرفتار، صوابی میں دوران آپریشن دس کلو گرام سے زائد بارود مواد برآمد کرکے ناکارہ بنادیا گیا، قصور اور چنیوٹ میں 4 ڈاکو مارے گئے

اتوار 4 ستمبر 2016 11:35

چمن/ ڈیرہ بگٹی/صوابی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 4 ستمبر - 2016ء ) چمن میں لیویز اور حساس ادارے کی مشترکہ کارروائی کے دوران تین مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔ دہشتگردی کے خطرے کے پیش نظر شہر کی سیکیورٹی بڑھا دی گئی ۔ صوابی میں دوران آپریشن دس کلو گرام سے زائد بارود مواد برآمد کرکے ناکارہ بنادیا گیا۔ قصور اور چنیوٹ میں 4 ڈاکو مارے گئے ۔

ملک میں امن دشمنوں کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔ چمن میں گلدار باغیچہ کے علاقے میں کومبنگ آپریشن کے دوران تین دہشتگردوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ دہشتگردی کے خطرے کے پیش نظر شہر کی سیکیورٹی بڑھادی گئی ہے اور شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر گاڑیوں کی سخت چیکنگ کی جارہی ہے۔ ڈیرہ بگٹی میں سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردی کی کوشش ناکام بنادی۔

(جاری ہے)

گیس پائپ لائن کے قریب نصب دو بم ناکارہ بنادئے گئے ۔ صوابی کے علاقے ملک آباد میں حساس ادارے اور پولیس کے مشترکہ سرچ آپریشن کے دوران دس کلو گرام سے زائد بارودی مواد برآمد کرلیا گیا۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ نے بارودی مواد ناکارہ بنا دیا۔ قصورکے علاقے منڈی عثمان والا میں پولیس مقابلے میں دو ڈاکو ہلاک ہوگئے۔ پولیس کے مطابق ہلاک ہونیوالے ڈاکووٴں کی شناخت عمران اور رحمت کے نام سے ہوئی ہے ۔جبکہ ان کے دو ساتھی فرار ہوگئے۔ چنیوٹ کے قریب میں ڈاکووٴں اور دیہاتیوں کیدرمیان فائرنگ کے تبادلے کے دوران دو ڈاکو ہلاک ہوگئے۔