امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق ،لیاقت بلوچ اور دیگر رہنماؤں کی میر قاسم کو پھانسی دیئے جانے کی شدید مذمت

ہفتہ 3 ستمبر 2016 23:07

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔3 ستمبر ۔2016ء ) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق ،نائب امراء حافظ محمد ادریس ،راشد نسیم ،اسد اﷲ بھٹو ،میاں محمد اسلم اور سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ سمیت جماعت اسلامی کے رہنماؤں اور کارکنوں نے بنگلا دیش جماعت اسلامی کے مرکزی رہنماء اور سینئرصحافی میر قاسم کو پاکستان کی محبت کے جرم میں پھانسی دیئے جانے کی شدید مذمت کی ہے ۔

سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ حسینہ واجد بھارتی ایماء پر اسلامی قیادت کا قتل عام کررہی ہے ۔بھارت چاہتا ہے کہ بنگلا دیش پر مکمل کنٹرول کرنے سے پہلے اسلامی قیاد ت کو حسینہ واجد حکومت کے ہاتھوں قتل کروا دے تاکہ بھارت کے خلاف کوئی آواز اٹھانے والا نہ رہے ۔انہوں نے جماعت اسلامی اسلامی کی قیادت کو پھانسیوں پر لٹکائے جانے کے معاملہ پر حکومت پاکستان کی خاموشی کو ناقابل معافی جرم قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکمران امریکی و بھارتی خوف سے زبان کھولنے کو تیار نہیں ہیں ۔

(جاری ہے)

امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے میر قاسم کے خاندان اور جماعت اسلامی بنگلا دیش کی قیادت اور کارکنوں کے ساتھ گہری ہمدردی اور تعزیت کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ معصوم لوگوں کا خون رائیگا ں نہیں جائے گا اور ان شاء اﷲ وہ وقت دور نہیں جب حسینہ واجد خود عبرت ناک انجام سے دوچار ہوگی اور بنگلا دیش میں اسلامی انقلاب کا سورج طلوع ہوگا۔