امریکی قونصل خانے کے تحت ساحل سمندر کی صفائی

ساحل سمندر کی صفائی جیسے منصوبوں سے طلبا معاشرتی مسائل سے صرف آگاہی حاصل کرتے ہیں ،برائن ہتھ

ہفتہ 3 ستمبر 2016 22:48

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔3 ستمبر ۔2016ء) امریکی قونصل خانہ کے زیر اہتمام ساحل سمندر کی صفائی مہم کی گئی جس میں انگلش ایکسزمائیکرو اسکالرشپ پروگرام کے تحت انگریزی تعلیم حاصل کر کے فارغ التحصیل ہونے والے 50طلبا نے حصہ لیا۔تفصیلات کے مطابق کراچی میں موجود امریکی قونصل خانے کے تحت ساحل سمندر کی صفائی کا اہتمام کیا گیا جس میں ایکسز مائیکرو اسکالر شپ کے تحت انگیریزی تعلیم میں کامیابی حاصل کرنے والے 50 طلبا نے حصہ لیا۔

اس مہم کا مقصد امریکی وزیر خارجہ جان کیری کی میزبانی میں 15سے16ستمبر تک واشنگٹن ڈی سی میں آبی حیات کے تحفظ اور ماحولیاتی آلودگی کے بارے میں منعقد کی جانے والی کانفرنس سے متعلق آگاہی پیدا کرنا تھا۔اس موقع پر قونصل جنرل برائن ہتھ نے کہاکہ ساحل سمندر کی صفائی میں حصہ لے کران طلبا نے شہر کو صاف ستھرا رکھنے کی اہمیت کو واضح کرنے کے ساتھ ساتھ باہمی تعاون کے ذریعے معاشرے کو بہتر بنانے کے جذبے کا بھی اظہار کیاہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ساحل سمندر کی صفائی جیسے منصوبوں سے طلبا معاشرتی مسائل سے نا صرف آگاہی حاصل کرتے ہیں بلکہ ان کا حل بھی خود ہی تلاش کرتے ہیں۔برائن ہتھ نے کہاکہ امریکی قونصل خانے سے تعلق رکھنے والے حکام نے ان نوجوانوں کے ساتھ اس مہم میں حصہ لے کر خوشی محسوس کی اور امید ہے کہ طلبا کا یہ جذبہ کئی اور لوگوں کو متاثر کرنے کا باعث بنے گا۔

انگلش ایکسز مائیکرو اسکالر شپ پروگرام کی تفصیلات بتاتے ہوئے قونصل جنرل نے کہا کہ یہ پروگرام امریکی حکومت کے مالی تعاون سے جاری ہے جس کے ذریعے کم آمدنی والے طبقے سے تعلق رکھنے والے 14سے 18سال تک کی عمر کے طلبا کو دو سال تک انگریزی تعلیم بالکل مفت فراہم کی جاتی ہے۔اس پروگرام کا آغاز 2004 میں کیا گیا جس کے بعد سے اب تک پاکستان بھر میں 13ہزار سے زائد طلبا اس منصوبے سے فائدہ اٹھا چکے ہیں جبکہ دنیا بھر میں ایک لاکھ سے زائد طلبا اس منصوبے کا حصہ رہ چکے ہیں۔