افراتفری پھیلانے کی کوشش کرنے والوں کوملک کی ترقی عزیز ہے نہ عوام کی خوشحالی‘شہبازشریف

احتجاجی سیاست ملک کا بے پناہ نقصان کرچکی ہے،جمہوریت میں فیصلے سڑکوں پر نہیں، پارلیمنٹ میں ہوتے ہیں وزیر اعظم نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے عوامی خدمت کے ریکارڈ قائم کئے ہیں ‘وزیراعلیٰ پنجاب

ہفتہ 3 ستمبر 2016 22:11

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔3 ستمبر ۔2016ء ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے ہمیشہ اقداراورخدمت کی سیاست کی ہے،احتجاجی سیاست پہلے بھی ملک کا بے پناہ نقصان کرچکی ہے اوراس وقت جب ملک ترقی و خوشحالی کی جانب بڑھ رہا ہے تو اس وقت احتجاج کا کوئی جواز نہیں بنتا،منفی سیاست کرنیوالے ملک کی ترقی چاہتے ہیں نہ عوام کی خوشحالی،پاکستان کے عوام بہت باشعور ہیں اور وہ جانتے ہیں کہ انکی خدمت کون کررہاہے اورانتشار کی سیاست کون۔

وہ یہاں پاکستان مسلم لیگ(ن) کے وفد سے گفتگو کر رہے تھے ۔وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کہا کہ احتجاج کی سیاست کرنے والے قوم کا قیمتی وقت ایک بار پھر ضائع کرنے کے درپے ہیں۔افراتفری پھیلانے کی کوشش کرنے والوں کوملک کی ترقی عزیز ہے نہ عوام کی خوشحالی۔

(جاری ہے)

ملکی ترقی اور عوام کی خوشحالی کی راہ میں روڑے اٹکانے والے پا کستان سے دشمنی کررہے ہیں ۔جمہوریت میں فیصلے سڑکوں پر نہیں بلکہ پارلیمنٹ میں ہوتے ہیں ۔

وزیر اعلی نے کہا کہ بلاجواز احتجاج کا مقصد تیز رفتار ترقی کے سفر کو روکنا ہے -بعض سیاسی عناصر اس درخت کو کاٹنے کی کوشش کر رہے ہیں جس کا پھل 20 کروڑ عوام کو مل رہا ہے - افراتفری پھیلانے کی کوشش کرنے والے ایک بار پھر ملک کو اندھیروں میں دھکیلنا چاہتے ہیں - پاکستان کے باشعور عوام ایسے عناصر کو ووٹ کی طاقت سے ہر موقع پر مسترد کر چکے ہیں - انہوں نے کہا کہ احتجاج کرنے والوں کا کوئی مقصد نہیں ، یہ صرف ملک و قوم کا قیمتی وقت ضائع کر رہے ہیں - انہوں نے کہا کہ منفی سیاست کے علمبردار عناصر پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مقبولیت سے خائف ہیں کیونکہ وزیر اعظم نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے عوامی خدمت کے ریکارڈ قائم کئے ہیں -احتجاجی عناصر کو خوف ہے کہ توانائی اور دیگر ترقیاتی منصوبے مکمل ہونے سے ان کی سیاست ہمیشہ کے لئے ختم ہو جائے گی- انہوں نے کہا کہ انتشار کی سیاست کرنے والوں کو عوام نے پہلے بھی مسترد کیا ہے اور آئندہ بھی کریں گے- عوام کو کھوکھلے نعروں اور بے مقصد احتجاج کی قطعا ضرورت نہیں -انہوں نے کہا کہ احتجاج اور انتشار کی سیاست کرنے والے یہ عناصر عوام کے حقیقی مسائل سے بالکل بے خبر ہیں اور یہ اپنے بلا جواز احتجاج کے ذریعے عوام کے مسائل بڑھا رہے ہیں -انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کے حال کیساتھ مستقبل کو بھی روشن بنانے کیلئے پر عزم ہے۔

احتجاجی سیاست کرنیوالے ہاتھ ملتے رہ جائیں گے اور پاکستان آگے بڑھتا جائیگا۔