الخدمت فاؤنڈیشن کی جنرل کونسل کا دو روزہ ششماہی اجلاس کاآغاز ہو گیا

پہلے روز ریجن کے صدور نے گزشتہ 6ماہ کی کارکردگی پیش کی گئی

ہفتہ 3 ستمبر 2016 20:53

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔3 ستمبر ۔2016ء)الخدمت فا?نڈیشن کی جنرل کونسل کا دو روزہ ششماہی اجلاس مرکزی صدرمحمد عبد الشکور کی زیر صدارت لاہور کے مقامی ہوٹل میں آغاز ہو گیا۔جس میں الخدمت فاؤنڈیشن کے سینئر نائب صدر سید احسان اﷲ وقاص، سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد مشتاق مانگٹ، اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل میاں بابر حمید ،احمد جمیل راشد، ایگزیکٹو ڈائریکٹر شاہد اقبال،سیکرٹری فنانس منور حسین،ریجنل صدور ، سیکرٹریز اور نیشنل ڈائریکٹرز سمیت بڑے شہروں کے صدور نے خصوصی طور پر شرکت کی۔

اجلاس کے پہلے روز ریجنل صدور نے الخدمت فاؤنڈیشن کی گزشتہ 6 ماہ کی کارکردگی کے حوالے سے ملٹی میڈیا پریزنٹیشن دیں اوررپورٹس پیش کی۔ الخدمت فا?نڈیشن کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد مشتاق مانگٹ نے رمضان مہم کے حوالے سے خصوصی رپورٹ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ اِس وقت الخدمت کفالت یتامیٰ کے تحت ملک بھر میں 7 ہزار یتیم بچوں کی کفالت کی جا رہی ہے جبکہ مواخات پروگرام کے تحت محنت کشوں کو بلا سود قرضوں کی فراہمی پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

محمد عبد الشکور نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ الخدمت اپنے پراجیکٹس کی مدد سے معاشرے میں مثبت تبدیلی لانے میں کوشاں ہے۔ الخدمت ملک بھر میں مستحق اور نادار افراد کے لئے خدمات سر انجام دے رہی ہے جس کا مقصد پسے ہوئے طبقے کے مسائل کو سمجھتے ہوئے اْن کا سہارا بننا ہے۔