مراد علی شاہ سندھ کے وزیراعلیٰ ہیں یا سندھیوں کے ؟،بانی تحریک مہاجر صوبہ ڈاکٹر سلیم حیدر

ہفتہ 3 ستمبر 2016 20:49

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔3 ستمبر ۔2016ء) بانی تحریک مہاجر صوبہ ڈاکٹر سلیم حیدر نے کوٹہ سسٹم کے حوالے سے وزیراعلیٰ سندھ کی حمایت کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مراد علی شاہ نے خود کو سندھ کے وزیراعلیٰ ہونے کے بجائے سندھیوں کا وزیراعلیٰ ثابت کردیا ہے۔ کوٹہ سسٹم مہاجروں کی تین نسلوں کو کھاچکا ہے ۔ وزیراعلیٰ میرٹ کی بات کرتے ہیں تو پھر بتائیں کہ کوٹہ سسٹم کس میرٹ کی بنیاد پر اب تک قائم ہے۔

بدقسمتی سے مہاجر قیادت کے دعویدار اور سندھ کے حکمرانوں کو کبھی کوٹہ سسٹم کو ختم کرنے کا خیال نہیں آیا۔ مہاجر ڈی جی رینجرز کے شکر گزار ہیں جنہوں نے کوٹہ سسٹم کے خاتمے کیلئے سندھ حکومت پر دباؤ ڈالا ہے۔ انہوں نے کہاکہ سندھ میں مہاجر سیاست کا آغاز ضیاء الحق کی جانب سے کوٹہ سسٹم میں 10سال کی توسیع کی وجہ سے ہوا تھا ۔

(جاری ہے)

اس کے بعد سے ہزاروں مہاجر نوجوان شہید ہوچکے ہیں لیکن کوٹہ سسٹم جیسا غیرآئینی، غیرقانونی اور غیر اخلاقی نظام اب تک سندھ پر مسلط ہے جس کی وجہ سے اعلیٰ تعلیم یافتہ مہاجروں پر روزگاروں کے دروازے بند ہوچکے ہیں اور مہاجروں کا کلیدی عہدوں سے صفایا ہوچکا ہے۔

انہوں نے کہاکہ اگر مہاجر قیادت کے دعویدار صرف مہاجروں کے چند مسائل پر ہی سنجیدگی سے تحریک چلالیتے تو آج مہاجر سندھ میں غلاموں کی سی زندگی نہ گزار رہے ہوتے،لیکن بدقسمتی سے مہاجر ووٹ، نوٹ اور کھال لینے والے 30 سال تک شخصیت پرستی کی جھوٹی اور بے بنیاد سیاست کرتے رہے جو آج اپنے منطقی انجام تک پہنچ رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ اگر سندھ حکومت نے اب بھی کوئٹہ سسٹم کے خاتمے کیلئے اقدام نہیں کیا تو MITنہ صرف پورے سندھ میں احتجاج کرے گی بلکہ ہم خیال جماعتوں کے ساتھ مل کر صوبائی حکومت کیخلاف تحریک بھی چلائی جائے گی۔

انہوں نے کہاکہ اب مہاجر نہ تو کسی کوٹہ سسٹم کو برداشت کریں گے اور نہ ہی اپنے اوپر کئے جانے والے مظالم پر خاموشی اختیار کریں گے۔ انہوں نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف ، کورکمانڈر کراچی لیفٹنٹ جنرل نوید مختار اور اپیکس کمیٹی کے سربراہوں سے اپیل کی کہ وہ مہاجروں کو سیاسی ریلیف دینے کیلئے فوری طورپر کوٹہ سسٹم ختم کروائیں۔

متعلقہ عنوان :