جلاؤ ، گھیراؤ اور ہنگامہ آرائی کیس ، ایم کیو ایم کے 10 کارکنوں کو جیل بھیج دیا گیا

ملزمان کے جیل جاتے پاکستان زندہ باد کے نعرے ‘ وکلا کی ٹارگٹ کلنگ میں گرفتار ایم کیو ایم کے 2ملزموں کو بھی جیل بھیج دیا گیا

ہفتہ 3 ستمبر 2016 20:43

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔3 ستمبر ۔2016ء) انسداد دہشت گردی عدالت میں جلاؤ ، گھیراؤ اور ہنگامہ آرائی کی منصوبہ بندی کے الزام میں گرفتار ایم کیو ایم کے 10 کارکنوں کو جیل بھیج دیا گیا۔ دس ملزمان نے جیل جاتے ہوئے پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے۔ وکلا کی ٹارگٹ کلنگ میں گرفتار ایم کیو ایم کے دو ملزموں کو بھی جیل بھیج دیا گیا۔

(جاری ہے)

انسداد دہشت گردی عدالت میں آرٹلری پولیس نے دس گرفتار ملزمان کو پیش کیا۔ تفتیشی افسر نے عدالت سے ملزمان کے مزید ریمانڈ کی استدعا کی۔ عدالت نے ان ملزمان کو جیل بھیج دیا اور پولیس کو مقدمے کا چالان پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ ملزمان پر جلاؤ گھیراو اور ہنگامہ آرائی کی منصوبہ بندی کا الزام ہے۔ ملزمان کے خلاف تھانہ آرٹلری میدان میں مقدمات درج ہیں۔ ان ملزمان کی کل مجسٹریٹ کے روبرو شناخت پریڈ کرائی جا چکی ہے۔ کیسز میں گرفتار ملزمان کی تعداد 54 ہے۔ ملزمان نے جیل جاتے ہوئے پاکستان زندہ باد کے نعرے لگا ئے۔